انگلینڈ نے برازیل پر فتح کا 23 سالہ قحط ختم کردیا

رونالڈینو کی واپسی بھی ہار سے بچا نہ سکی، فرانس کو جرمنی سے 26 سال بعد مات۔

رونالڈینو کی واپسی بھی ہار سے بچا نہ سکی، فرانس کو جرمنی سے 26 سال بعد مات۔ فوٹو: فائل

دوستانہ فٹبال میچ میں انگلینڈ نے برازیل پر فتح کا 23 سالہ قحط ختم کردیا ، رونالڈینو کی واپسی بھی 5 مرتبہ کے چیمپئن کو شکست سے بچا نہ سکی۔

دیگر مقابلوں میں فرانس کو بھی جرمنی کے ہاتھوں 26 سال بعد شکست ہوگئی، ارجنٹائن نے سوئیڈن کو 3-2 سے ہرا دیا، اٹلی اور ہالینڈ کا مقابلہ ڈرا ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ نے برازیل کو دوستانہ میچ میں2-1 سے شکست دی، یہ پانچ مرتبہ کے ورلڈ چیمپئن کی 23 برس بعد انگلش ٹیم کے ہاتھوں پہلی ہار ہے، برازیل کی کوچنگ ایک بار پھر لوئیز فلپ اسکولیری کررہے ہیں، انھوں نے اس میچ میں تقریباً ایک برس سے قومی ذمہ داریوں سے دور رونالڈینو کو بلایا مگر ان کا یہ فیصلہ انتہائی غلط ثابت ہوا، رونالڈینو فیلڈ میں کافی سست رہے جبکہ ایک پنالٹی کو بھی گول میں تبدیل نہیں کرپائے جس کی وجہ سے ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔




میزبان گول کیپر جوئے ہارٹ کی پرفارمنس انتہائی شاندار رہی، انھوں نے رونالڈینو کی پنالٹی روکنے کے ساتھ کئی اور حملوں کو بھی ناکام بنایا۔ وین رونی نے گیند کو جال میں ڈال کر اپنی ٹیم کو برتری دلائی مگر گیری چاہل کی غلطی سے برازیل کے متبادل کھلاڑی فریڈ کو گول برابر کرنے کا موقع مل گیا،فرینک لیمپارڈ نے گول کرکے اپنی ٹیم کو پھر برتری دلادی جو آخری وسل تک برقرار رہی۔ دوحا میں اسپین نے سینئر انٹرنیشنل سطح پر فتوحات کا سلسلہ 17 میچز تک دراز کرتے ہوئے یوروگوئے کو 3-1 سے پچھاڑ دیا۔

پیرس میں جرمنی نے فرانس کو 2-1 سے ٹھکانے لگایا، یہ فرنچ ٹیم کی جرمنی کے ہاتھوں 1987 کے بعد پہلی شکست ہے، ماضی میں روڈی ووئیلر نے دو گول کرکے ویسٹ جرمنی کو 2-1 سے فتح دلائی تھی۔ اسٹاک ہوم میں ارجنٹائن نے سوئیڈن کو 3-2 سے قابو کیا، دونوں ٹیموں کے سپر اسٹارز لیونل میسی اور زلاٹن ابراہمووچ گول کرنے میں ناکام رہے۔ ایمسٹرڈم میں اٹلی اور ڈچ سائیڈ کا مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا، آئرلینڈ نے پولینڈ کو 2-0، ویلز نے آسٹریا جبکہ بیلجیئم نے سلواکیہ کو 2-1 کے یکساں مارجن سے ہرایا، جمہوریہ چیک نے ترکی کو 2-0 اور کروشیا نے جنوبی کوریا کو 4-0 سے مات دی۔
Load Next Story