ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا کے ہاتھوں سے ٹرافی پھسل گئی

ہرمنپریت کورکی سنچری نے سیمی فائنل میں بھارتی ویمنز کو 36 رنز سے فتح دلا دی

کامیابی کیلیے 282 رنزکے تعاقب میں جانے والے کینگروزکی تین ابتدائی وکٹیں صرف 21 رنز پر گرگئیں۔ فوٹو: اے ایف پی

ویمنز ورلڈچیمپئن آسٹریلیا کے ہاتھوں سے ٹرافی پھسل گئی، ہرمنپریت کورکی سنچری نے سیمی فائنل میں بھارتی ویمنز کو 36 رنز سے فتحیاب کرا دیا۔

کامیابی کیلیے 282 رنزکے تعاقب میں جانے والے کینگروزکی تین ابتدائی وکٹیں صرف 21 رنز پر گرگئیں،الیسی ویلانی نے جارحانہ بیٹنگ سے ٹیم کو مشکل سے نکالنا چاہا تاہم وہ خود 58 بالز پر 75 رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں، اس کے بعد الیکس بلیک ویل نے 55 بالز پر 90 رنز بناکر کچھ امید جگائی مگر ان کی وکٹ گرنے کے ساتھ ہی پوری ٹیم 245 رنز پر رخصت ہوگئی۔


اس سے پہلے بھارتی ٹیم کو بھی شروع میں تھوڑی مشکل ہوئی، پہلے ہی اوور میں سمرتی مندھانا (6) میگن سکوٹ کی گیند پر الیسی ویلانی کے ہاتھوں کیچ ہوگئیں، پونم راوٹ بھی 14 رنز کی مہمان ثابت ہوئیں، انھیں ایشلیگ گارڈنر نے بیتھ مونی کی مدد سے پویلین واپس بھیجا،کپتان متھالی راج کو کرسٹین بیمز نے بولڈ کردیا، انھوں نے 36 رنز بنائے۔

بعدازاں ہرمنپریت کور اور دیپتی شرما کے درمیان چوتھی وکٹ کیلیے 137 رنز کی شراکت ہوئی جس کی بدولت مجموعہ 238 تک پہنچ گیا، اس میں زیادہ حصہ ہرمنپریت کا ہی تھا جنھوں نے آسٹریلوی بولرز کی پٹائی کا سلسلہ جاری رکھا، دیپتی کے 25 رنز پر ویلانی کی وکٹ بننے کا بھی انھوں نے کوئی نوٹس نہیں لیا، ان کی برق رفتار بیٹنگ سے تقویت پا کربھارت نے بارش کی وجہ سے کم کیے جانے والے 42 اوورز میں 4 وکٹ پر 281 رنز بنائے، ہرمنپریت 171 رنز پر ناقابل شکست رہیں، انھوں نے 115 بالز کا سامنا کرتے ہوئے 20 چوکے اور 7 چھکے جڑے۔
Load Next Story