بیروزگاری کی بڑھتی ہوئی شرح جرائم کا سبب بن رہی ہے محمد حسین سید

نوجوانوں کو تعمیری اور مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے فنی و تکنیکی تربیت مہیاکرنا ضروری ہے.

جائیکا کے مالی و تکنیکی تعاون سے کراچی ٹرانسپورٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کر رہے ہیں،ایڈمنسٹریٹربلدیہ عظمیٰ۔ فوٹو: فائل

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید نے کہا ہے کہ کراچی میں بے روز گاری کی بڑھتی ہوئی شرح جرائم کا سبب بن رہی ہے۔

نوجوانوں کو تعمیری اور مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کیلیے انہیں فنی و تیکنیکی تربیت مہیاکرنا ضروری ہے، اس سلسلے میں بینک آف ٹوکیو اور مٹسوبیشی ہیوی انڈسٹری سمیت مختلف جاپانی اداروں سے بات چیت کی گئی ہے جو بہت کارآمد ثابت ہوں گی، یہ بات انھوں نے حکومت جاپان کی خصوصی دعوت پر پانچ روزہ دورے کے دوران ٹوکیو میں اردو نیٹ جاپان کے بانی ناصر کاگاوا کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیے گئے ایک عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پرپاکستانی ایسوسی ایشن جاپان کے صدر چوہدری نوید،جنرل سیکریٹری الطاف غفار، اسلامک سوسائٹی جاپان کے سربراہ رئیس صدیقی ، انٹرنیشنل مسلم سینٹر جاپان کے چیئرمین عبدالرحمن صدیقی، پاکستانی اخبارات اور ٹی وی چینل کے جاپان میں بیوروچیفس کے علاوہ جاپان میں مقیم بڑی تعداد میں پاکستانی کاروباری برادری کے نمائندے اور پاکستانی شہری موجود تھے۔


ایڈمنسٹریٹر کراچی نے اس موقع پر اپنے دورہ جاپان سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا اور جاپان میں مقیم پاکستانی شہریوں کو کراچی کی تعمیر وترقی کیلیے شروع کیے جانے والے ترقیاتی منصوبوں کے متعلق بتایا، انھوں نے کہاکہ کراچی میں بنیادی انفراسٹرکچر کو ترقی دی جارہی ہے تاکہ شہریوں کو بہتر بلدیاتی سہولیات مہیا ہوںاور غیر ملکی سرمایہ کاری کے ذریعے ملکی معیشت کو مضبوط بنایاجائے۔



انھوں نے کہاکہ یہ ان کا جاپان کا پہلا دورہ ہے جس کے دوران انھوں نے کئی جاپانی سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کی ہیں جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے، بینک آف ٹوکیو اور مٹسوبیشی ہیوی انڈسٹری نے جاپا ن میں پاکستانی نوجوانوں کو تربیت دینے پر آمادگی ظاہر کی ہے جبکہ کئی جاپانی سرمایہ کاروں اور کمپنیز نے کراچی میں آٹو موبائلز ، ہیوی مشینری، طبی آلات، برقی مصنوعات اور کئی دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا ہے، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ جاپانی حکومت اور سرمایہ کار پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں دلچسپی رکھتے ہیں اور تیکنیکی شعبوں میں اشتراک عمل کے ذریعے پاکستان اور خصوصاً کراچی شہر میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ جاپانی ادارے جائیکا کے مالی و تیکنیکی تعاون سے کراچی کے ٹرانسپورٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا عمل جاری ہے جس کے تحت کراچی سرکلر ریلوے اور بس ریپڈ ٹرانزٹ جیسے منصوبے شروع کیے جارہے ہیں جن کے ذریعے کراچی میں ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر اور جدید بنانے میں مدد ملے گی۔
Load Next Story