انتخابات ملتوی کرانے کیلیے سازشیں ہورہی ہیں وزیر اعلیٰ سندھ

میڈیا سے وابستہ افراد نے آئین کی بالادستی اور جمہوری نظام کو ہمیشہ مقدم رکھا ہے

قائم علی شاہ کاسی پی این ای کے عہدیداروں اور اراکین کے اعزاز میں عشایئے سے خطاب۔ فوٹو: فائل

وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان میںجمہوریت اور جمہوری اداروں کا قیام بڑی جدوجہد ، قربانیوں اور نقصانات کے بعد عمل میں آیا ہے۔

معاشرے کے تمام طبقات کی مشترکہ ذمے داری ہے کہ جمہوریت کے خلاف سازشوں کو مل کر ناکام بنائیں،انھوں نے ان خیالات کا اظہار کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز( سی پی این ای) کے عہدیداران و اراکین کے اعزاز میں دیے گئے عشایئے میںکیا، قائم علی شاہ نے کہا کہ میڈیا ہمارے معاشرے اور جمہوری اقدار کا اہم ذریعہ ہے میڈیا سے وابستہ افراد نے آئین کی بالادستی، جمہوری اداروں کے استحکام اور معاشرتی مسائل کو ہمیشہ مقدم رکھا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سیاستدانوں، دانشوروں، قلمکاروں، طلبا، مزدوروں اور صحافیوں نے آمرانہ دور میں بڑی صعوبتیں بدرداشت کی ہیں، جس کے نتیجے میں ہمیں آئین اور جمہوریت کی روشنی نصیب ہوئی، شہید ذوالفقار علی بھٹو ہمیشہ کہتے تھے کہ عوام کی رائے کو ہمیشہ مقدم رکھا جائے، انھوں نے واضح کیا کہ موجودہ حکومت انتخابات کے انعقاد پر یقین رکھتی ہے اور اپنی آئینی مدت کی تکمیل کے بعد آئینی دائرہ کار کے تحت انتخابات منعقد ہونے چاہیئں کیونکہ جمہوریت کے استحکام کیلیے الیکشن انتہائی ضروری ہیں۔




انھوں نے کہا کہ آج کل کچھ عناصر پس پردہ سازشیں کررہے ہیں کہ انتخابات ملتوی ہوں لیکن جمہوری عناصر، سیاستدان، قانون دان، صحافی اور میڈیاکے افراد ان سازشوں کیخلاف ڈٹ گئے ہیں ، امن وامان کے حوالے سے وزیراعلی سندھ نے کہا ہے کہ ایک طرف آبادی میں متواتر اضافہ ہورہا ہے دوسرے صوبوں کے علاوہ بیرونی ممالک سے غیرقانونی تارکین وطن کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور دو کروڑ سے زیادہ آبادی کے شہر کیلیے پولیس کی نفری صرف27 ہزار ہے جو کہ دو شفٹوں میں نصف رہ جاتی ہے اور یہ تعداد انتہائی ناکافی ہے۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ مذہبی منافرت، سیاسی رسہ کشی، لسانی نفرتیں اور سب سے بڑھ کر معاشی مسائل کی وجہ سے امن و امان کی صورتحال خراب ہوتی رہتی ہے، کئی علاقوں میں جھگڑوں اور فسادات کی وجہ زمینوں پر غیرقانونی قبضہ بھی ہے، انھوں نے کہا کہ اس وقت پولیس کا بجٹ32 ملین ہے جوکہ پہلے5 ملین روپے تھی، انھوں نے کہا کہ ہم عوام کا اعتماد بحال کررہے ہیں اور امن و امان کی صورتحال کی ٹھیک کرنے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں، وزیراعلی سندھ نے اس موقع پر بلوچستان ٹائمز کوئٹہ کے مدیرصدیق بلوچ کے علاج کیلیے10 لاکھ روپے کی گرانٹ دینے کا بھی اعلان کیا۔

وزیراعلی سندھ نے سی پی این ای کی طرف سے منعقدہ کانفرنس کو سراہا اور ان کی اعلامیے کو خوش آئندہ قرار دیا، اس سے قبل کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز کے صدر جمیل اطہر نے وزیراعلی سندھ کی طرف سے عشایئے پر شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ پورا ملک بالخصوص کراچی امن و امان کی صورتحال سے دوچار ہے جبکہ سی پی این ای کی طرف سے آج کانفرنس ہوئی جس میں متفقہ طور پر کہا گیا کہ انتخابات مقررہ وقت پر ہونے چاہیئیں ،اس موقع پر شرجیل انعام میمن وزیراطلاعات سندھ نے بھی مدیروں کے سوالات کے جوابات دیے۔
Load Next Story