اورکزئی بازار میں دھماکا 15افراد جاں بحق 25زخمی

دھماکا فیروز خیل ہیڈ کوارٹر چوک کے قریب ہوا،10 دکانیں،6 گاڑیاں تباہ ،مرنے والوں میں لیوی اہلکاربھی شامل

دھماکا فیروز خیل ہیڈ کوارٹر چوک کے قریب ہوا،10 دکانیں،6 گاڑیاں تباہ ،مرنے والوں میں لیوی اہلکاربھی شامل فوٹو : فائل

اورکزئی ایجنسی کے علاقہ فیروز خیل میں ہیڈ کوارٹر چوک میں ریموٹ کنٹرول دھماکا میں15 افرادجاںبحق،25زخمی ہوگئے ۔

تفصیلات کے مطابق اورکزئی ایجنسی کے لوئر تحصیل کے علاقہ فیروزخیل میں ہیڈکوارٹرچوک کے مقام پر آدم خان مارکیٹ کے ساتھ ایک ریموٹ کنٹرول دھماکا ہواجس سے 3افراد موقع پرجاںبحق جبکہ 12نے اسپتال میں دم توڑا،دھماکا کے فورا بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرکے کارروائیاں شروع کردیں۔تباہ شدہ دکانوںکے ملبے سے لاشوں اورزخمیوںکونکال کرتحصیل ہیڈکوارٹرہسپتال منتقل کیاگیا پولیٹیکل انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق دھماکے سے دس دکانیںاورچھ گاڑیاں تباہ ہوئیں جبکہ عینی شاہدین کے مطابق بم گاڑی میں نصب تھا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق اس دھماکے میں پندرہ کلو بارود استعمال کیا گیا، دھماکے کا اصل ہدف فیروز خیل امن کمیٹی کے ارکان اور سکیورٹی فورسز کے اہلکار تھے، جاں بحق ہونے والوں میں شیر دل خان آدم، خان زین،خالد شاہ، مسلم خان،صالح خان، رحمن،اناف خان جبکہ اورکزئی لیوی کے ایک خاصہ دار شیر ولی خان بھی شامل ہے ،زخمیوں کو کوہاٹ اور پشاور کے ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا جہاں بعض افراد کی حالت نازک ہے،دھماکے کے بعد فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا، صدر زرداری، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اوردیگر سیاسی رہنمائوں نے دھماکے کی شدید مذمت اور جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا ہے۔




جبکہ بنوںسے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق تھانہ میریان کی حدود میں واقع گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول میں دھماکا خیز مواد نصب کررکھا تھا جودھماکے سے پھٹ گیا، لنڈیکوتل سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق معروف دینی شخصیت صاحب زادہ عمر بنوری جامع مسجد محمد کلی میں نماز جمعہ ادا کرنے کے بعد واپس آرہے تھے کہ ان کے بیٹے نے کار کے نیچے مشکوک نصب شدہ آلے کو دیکھا اطلاع پر بم ڈسپوزل سکواڈ نے کارکے نیچے نصب بم ناکارہ بنا دیا۔

جبکہ باڑہ سے نمائندہ ایکسپریس جے مطابق باڑہ اکا خیل میں جیٹ طیاروں نے مشتبہ شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ اپر اورکزئی میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 6شدت پسندوں کو ہلاک کردیا، امریکی ڈرون حملے میں 8 افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے ہیں۔ امریکی جاسوس طیارے نے شمالی اور جنوبی وزیرستان کی سرحد پر واقع بابر غر گائوں کے ایک گھر پر دو میزائل داغے، میزائل حملے کے بعد بھی ڈرون طیارے کی پرواز جاری رہی جس سے لوگ خوفزدہ ہو گئےجبکہ ٹل بازار کے ایک دوکان میںمیں سلنڈر دھماکہ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا ۔
Load Next Story