شہر کا دیرینہ مسئلہ حل ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز پارکنگ ٹرمینل فعال

پارکنگ ٹرمینل کو ملک کا مثالی ٹینکرز ٹرمینل بنائیں گے، وسیم اختر کا افتتاحی تقریب سے خطاب

میئر کراچی وسیم اختر آئل ٹینکرز ٹرمینل کے افتتاح کے بعد دعا کررہے ہیں ،ڈاکٹر ارشد وہرہ بھی موجود ہیں۔ فوٹو: این این آئی

NEW YORK:
میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی کے شہریوں کے لیے آج کا دن انتہائی اہمیت کا حامل اور تاریخی دن ہے کیونکہ شہر کا ایک دیرینہ مسئلہ حل ہوگیا ہے۔

گزشتہ روز ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز پارکنگ ٹرمینل کا افتتاح کرنے کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ آئل ٹینکرز ٹرمینل میں3ہزار 200آئل ٹینکرز کی پارکنگ کی سہولت ہے، اب یہ آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن اور دیگر متعلقہ افراد کی ذمے داری ہے کہ اسے جلدآباد کریں، آئل ٹینکرز کی یہاں منتقلی سے شیریں جناح کالونی کے مسائل حل ہوں گے اور شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی۔

اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ، ایڈیشنل ہوم سیکریٹری ڈاکٹر بدر الدین، میونسپل کمشنر ڈاکٹر اصغر عباس، سٹی کونسل کے پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی، ورکس کمیٹی کے چیئرمین محمد حسن، منیجنگ ڈائریکٹر پی ایس او عمران الحق شیخ، جنرل سیکریٹری آل پاکستان ٹینکرز ایسوسی ایشن حنیف کاکڑ، جنرل سیکریٹری ایڈیبل آئل ایسوسی ایشن بختاور، جی ایم آپریشن افتخار صدیقی، سینئر ڈائریکٹر چارجڈ پارکنگ مختار حسین، جی ایم سیکیورٹی پی ایس او غلام حسین گھمن، میڈم شمائلہ، کیپٹن ریٹائرڈ آصف امان اللہ زرداری، کنٹریکٹر سلیم احمد خان، شاپ کیپرزایسوسی ایشن کے ممبران، آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور کے ایم سی کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔


قبل ازیں میئر کراچی وسیم اختر ازخود آئل ٹینکر ڈرائیو کرتے ہوئے ٹرمینل پہنچے جہاں انھوں نے تختی کی نقاب کشائی کرکے ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز پارکنگ ٹرمینل کا افتتاح کیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر شہر کے مختلف علاقوں سے آئل ٹینکرز کو ذوالفقار آباد ٹینکرز پارکنگ ٹرمینل منتقل کرنے کا آغاز ہورہا ہے، اس ٹرمینل پر آئل ٹینکرز مالکان ، ڈرائیورز اور دیگر متعلقہ افراد کیلیے تمام تر سہولیات فراہم کردی گئی ہیں اورآگے چل کر یہاں پٹرول پمپ بھی قائم کردیا جائے گا۔ ہم نے اس ٹرمینل کو فعال کردیا ہے اب یہ آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن اور دیگر متعلقہ افراد کی ذمے داری ہے کہ اسے جلد آباد کریں، ٹرمینل میں 3200 آئل ٹینکرز پارک کرنے کی گنجائش ہے جبکہ 10 ہزار افراد کے لیے انفراسٹرکچر دستیاب ہے۔

میئر کراچی نے کہا کہ موجودہ منتخب بلدیاتی قیادت نے کراچی کی بہتری ، ترقی اور خوشحالی کے لیے ہر سطح پر بہترین کام انجام دیے ہیںآئل ٹینکرز کی شہر کے مختلف علاقوں خصوصاً شیریں جناح کالونی میں پارکنگ کے باعث نہ صرف وہاں کے رہائشیوں کیلیے تکلیف دہ تھا بلکہ وہاں موجود اسپتالوں میں آنے والے مریضوں، اور طالبعلموں کو بھی مشکلات کا سامنا تھا۔

وسیم اختر نے کہا کہ ٹرمینل کے لیے خصوصی طور پر نیشنل ہائی وے پر 36 فٹ چوڑی 2رویہ سڑک بھی تعمیر کی گئی ہے جبکہ 54 انچ قطر کی پانی کی لائن سے منسلک 150 ہزار گیلن کی گنجائش پر مشتمل انڈرگراؤنڈ اور 60 ہزار گیلن کی گنجائش پر مشتمل بالائی ٹینک بھی تعمیر کیا گیا ہے جبکہ محکمہ پارکس کو آئل پارکنگ ٹرمینل اور اس کے اطراف سبزہ کاری کے لیے اقدامات کی ہدایت کردی گئی ہے، ٹینکرز کیلیے بنائے گئے نظام کے تحت آئل ٹینکرز کی فلنگ کے لیے 6 ٹائم زون مقرر کیے گئے ہیں ہر4گھنٹے بعد آئل ٹینکرز کو فلنگ کیلیے بھیجا جائے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی پی ایس او انعام الحق شیخ نے کہا کہ ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز ٹرمینل کا نام تبدیل کرکے میئر کراچی کی خدمات کے اعتراف میں اس کا نام وسیم اختر آئل ٹینکرز ٹرمینل رکھا جائے۔
Load Next Story