انگلینڈ نے چھکوں کی برسات میں کیویز کو دھو ڈالا

نیوزی لینڈ کے خلاف انگلینڈ نے 214 رنز بنائے جو اس کا کسی بھی ٹی 20 انٹرنیشنل میں سب سے بڑا اسکور ہے۔

انگلش بالروں نے نیوز لینڈ کو 174 پر محدود کردیا۔ فوٹو: اے ایف پی / فائل

پہلے ٹوئنٹی 20 میں انگلینڈ نے چھکوں کی برسات میں کیویز کو دھو ڈالا، نیوزی لینڈ کو 40 رنز کی شکست کا گھاؤ برداشت کرنا پڑا۔

میزبان سائیڈ215 رنز کے تعاقب میں 9 وکٹ پر 174 رنز بنا سکی، مارٹن گپٹل 44 رنز کیساتھ نمایاں رہے، مہمان کپتان براڈ نے کیریئر بیسٹ چار وکٹیں لیں۔ایڈن پارک کی چھوٹی بائونڈریز سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے مہمان ٹیم نے7 وکٹ پر 214 کا ریکارڈ ٹوٹل اسکور بورڈ پر سجایا، مورگن نے 46 اور لیوک رائٹ نے 42 رنز بنائے ۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹ پر 214 رنز بنائے،یہ اس کا کسی بھی ٹی 20 انٹرنیشنل میں سب سے بڑا اسکور ہے،


مورگن نے 26 گیندوں پر 46رنز اسکور کیے، لیوک رائٹ نے 20بالز پر 4 چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 42 رنز بنائے، ٹرینٹ بولٹ، رونی ہیرا اور اینڈریو ایلس نے دو،دو وکٹیں لیں، نیوزی لینڈ کی ٹیم 9 وکٹوں پر 174 رنز بناسکی، گپٹل نے 44 اور کولن منرو نے 28 رنز اسکور کیے، کپتانی تنازع کے بعد سابق قائد روس ٹیلر کی 13 رنز کے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی ہوئی۔

براڈ نے 4 وکٹوں کیلیے 24 رنز دیے، اسٹیون فن نے 3 اور لیوک رائٹ نے 2 وکٹیں لیں۔ یاد رہے ایڈن پارک کی چھوٹی بائونڈریز کی وجہ سے میچ میں مجموعی طور پر 23 چھکے لگے، یہ کسی بھی ٹوئنٹی 20 مقابلے میں چھکوں کی دوسری بڑی تعداد ہے، اس سے قبل نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان 2009 میں کرائسٹ چرچ میں 24 چھکے لگے تھے، ایک برس بعد آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان برج ٹائون میں بھی اتنے ہی چھکے لگائے گئے۔ انگلینڈ کی اننگز میں مجموعی طور پر 15 چھکے لگے، سب سے زیادہ 17 چھکوں کا ریکارڈ جنوبی افریقہ کے پاس ہے جو اس نے انگلینڈ کے خلاف 2009 میں لگائے تھے، آسٹریلیا نے ایک برس بعد بھارت کے خلاف 16 سکسرز جڑے۔
Load Next Story