ظلم کیخلاف ہر سطح پر آواز بلند کی جائیگی محمد حسین محنتی

کراچی وفاق کو 70 فیصد ریونیو ادا کرتا ہے مگرشہرکودہشتگردوں کے حوالے کردیا گیا.

منصوبہ بندی کے تحت شہر مقتل گاہ میں تبدیل کیا جارہا ہے،رہنما جماعت اسلامی۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت کراچی کو مقتل گاہ میں تبدیل کیا جارہا ہے۔

ظلم کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کی جائے گی، اتحادی حکومت کی مفاہمانہ پالیسیوں نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے، دن دیہاڑے ڈاکٹرز،کونسلرز اور شہریوں کا قتل حکومت کے لیے لمحہ فکریہ ہے ، ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامع مسجد اوکھائی میمن حسین آباد کے باہر ہونیوالے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، مظاہرے سے جماعت اسلامی ضلع وسطی کے امیر فاروق نعمت اللہ، جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما شبیر ابوطالب اور دیگر نے بھی خطاب کیا ،مظاہرے میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور قتل وغارت گری ، بھتہ خوری کے خلاف نعرے بازی کی۔




محمد حسین محنتی نے کہا کہ کراچی میں 15 سے 20 افراد کی ہلاکت معمول بن گئی ہے،کسی کی جان ومال عزت و آبرو کو تحفظ حاصل نہیں،عوام عدم تحفظ کے احساس کا شکار ہیں ، دہشت گرد کھلے عام معصوم شہریوں کے خون سے ہولی کھیل رہے ہیں، شہر میں حکومتی رٹ کہیں نظر نہیں آرہی ، سابق کونسلروں اور ڈاکٹروں کو چن چن کر نشانہ بنایا جارہا ہے ،یہ صورتحال حکومت کی نااہلی اور ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، فاروق نعمت اللہ نے کہاکہ حسین آباد پرامن لوگوں کی بستی ہے مگریہاں سماجی کارکنوں کو قتل کیا جارہاہے ، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، بدامنی کی ذمے داری انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے ،شبیر ابوطالب نے کہا کہ شہر میں قتل عام ہورہا ہے اس صورتحال میں ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے کراچی وفاق کو 70 فیصد ریونیو ادا کرتا ہے مگر اس شہر کو دہشت گردوں کے حوالے کردیا گیا ہے۔
Load Next Story