نوازشریف نے پاکستان میں کرپشن کی بنیاد ڈالی شرجیل میمن

اگرکراچی کے حالات پہلے بہترتھے تو نوازشریف نے فوجی آپریشن کیوںکیا؟

ہزاروںگرفتاردہشت گردوںکورہائی ملنے سے جرائم بڑھے،تقریب سے خطاب۔ فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات اورصوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ اگرکراچی کے حالات موجودہ حکومت سے پہلے بہتر تھے تونواز شریف نے آرمی آپریشن اورسندھ میں گورنر راج کیوںنافذ کیا ؟۔

کراچی کے حالات برسوں سے خراب ہیں اور جب بھی عوامی حکومت آتی ہے تو اس کو بدنام اور ناکام ظاہرکرنے کے لیے دہشت گردوں کی لگام کھول دی جاتی ہے۔ ان خیالات کااظہار انھوں نے ہفتے کو ناصرہ اسکول کراچی میں19ویں وزیرعلی میموریل انٹراسکول بوائزاینڈ گرلزٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب اوربعد ازاں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ نوازشریف ایسے شخص ہیں کہ ان کی گارنٹی ان کے گھر والے بھی نہیںلیں گے۔نوازشریف ہی وہ شخصیت ہیں جس نے پاکستان میں کرپشن کی بنیاد ڈالی۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردوں کوکھلی چھوٹ ہے اور وہ سزائوں سے محفوظ ہیں صرف سیاستدانوں کا احتساب کیا جارہا ہے، انھوں نے کہا کہ گزشتہ پونے پانچ سال میں مطلوب ہزاروں دہشت گردوں کوپکڑا گیا جنھیں عدالتوں سے رہائی مل گئی جس کے نتیجے میں جرائم کی شرح مزید بڑھ گئی۔




انھوں نے کہا کہ ایسے ملزمان بھی رہا کیے گئے جنھوں نے میڈیا کے سامنے100، 100قتل کا اعتراف کیا پھر بھی اُن کو سزانہیں دی گئی اوراُن کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔انھوں نے کہا کہ صرف ہمارا احتساب ہورہا ہے، این آر او کے8ہزار کیسز میں سے صرف ایک سوئس کیس کو اٹھایا گیا جبکہ باقی کسی کیس کو کیوں نہیں اٹھایا گیا؟۔قبل ازیں شرجیل میمن نے کہا ہے کہ حکومت تعلیمی اداروں میںغیرنصابی سرگرمیوں کی بھر پور حوصلہ افزائی کر رہی ہے اور طلبا و طالبات اپنا تمامتر وقت تعلیمی اور صحت مند سرگرمیوں میں صرف کریں۔ ٹورنامنٹ میں کراچی کے 10سے زائد اسکولوں کے طلبا و طالبات نے حصہ لیا جن میں سے آغا خان ، سر آدم جی کالج ، سٹی اسکول درخشاں کیمپس اور جامعہ ملیہ نے کامیابی حاصل کی اور انعامات جیتے۔

Recommended Stories

Load Next Story