چڑیا گھر کی رونق بڑھانے کیلیے کوشش کر رہے ہیں

زو میں کام کرنیوالے ایک تا15گریڈ تک کے ملازمین کوانعام ( اعزازیہ) دیا جائیگا.

زوڈے کے موقع پرچڑیاگھرمیں منعقدہ تقریب میں اسکولوں کے بچے ٹیبلو پیش کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید نے کہا ہے کہ کراچی زو( چڑیا گھر) میںآئندہ چند ماہ کے دوران گولڈن ٹائیگر اور زرافہ کے اضافے کے ساتھ ساتھ ایک لائبریری بھی بنائی جارہی ہے تاکہ جانوروں اور پرندوں میں دلچسپی رکھنے والے افراد اپنے پسندیدہ جانوروں اور پرندوں کے بارے میں معلومات حاصل کرسکیں۔

چڑیا گھر کی رونقوں کو بڑھانے کیلیے سنجیدگی سے تمام ترکوششیں کی جارہی ہیں، متواتر دوسری مرتبہ زو ڈے کا انعقاد اور اس میں آنے والے شائقین کی بڑی تعداد میں شرکت اور دلچسپی اس بات کا ثبوت ہے، زو میں کام کرنے والے ایک تا پندرہ گریڈ تک کے تمام ملازمین کوعمدہ طریقے سے کام کرنے پر پانچ پانچ ہزار روپے بطور انعام ( اعزازیہ) دیا جائے گا۔




وہ اتوار کی شام کراچی زو میں زو ڈے، ببر شیر( راجہ) کی بیسویں اور دو کوہان والے اونٹ کے بچے کی پہلی سالگرہ منائے جانے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پر اسپورٹس کلچر اینڈ ریکریشن کے سینئر ڈائریکٹر محمد ریحان خان، ڈائریکٹر زو بشیر خان سدوزئی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی محمد حسین سید نے چڑیا گھر میں بنگال ٹائیگر کو اپنے ہاتھ سے گوشت کھلایا جبکہ اپنی عمر کے 20 سال مکمل کرلینے والے ببر شیر کو بھی گوشت کھلایا۔
Load Next Story