سپر ہائی وے ڈاکوئوں نے شادی کی بس لوٹ لی ملی بھگت پر ڈرائیورگرفتار

ڈرائیورکی ملی بھگت سےکراچی آنیوالےولیمےکےشرکا سےسپر ہائی وے ٹول پلازہ کے قریب 25 مسلح ڈاکوئوں کی 2 گھنٹے تک لوٹ مار.

موبائل فون چھینے اور بیٹریاں نکال کر پھینک دیں،بمشکل کراچی پہنچے، مبشر ،مقدمہ درج ،پولیس ڈرائیور کے ساتھیوں کی تلاش میں مصروف. فوٹو: فائل

حیدرآباد سے کراچی آنے والے ولیمے کے شرکا کو سپر ہائی وے پر ڈاکوئوں نے لوٹ لیا۔

ڈاکوئوں نے خواتین سے سونے کے زیورات ، نقدی اور دیگر قیمتی اشیا چھین لیں جبکہ موبائل فونز کی بیٹریاں نکال کر پھینک دیں، ڈاکوئوں نے2 گھنٹے تک اطمینان سے لوٹ مار کی اور با آسانی فرار ہوگئے،واقعے کا مقدمہ درج کرکے بس کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا ہے،تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد 4 نمبر کے رہائشی مبشر کی شادی حیدرآباد میں ہوئی جس کے بعد ولیمے کے لیے حیدرآباد سے شرکا بس میں جمعہ کی شب کراچی آرہے تھے کہ انھیں ڈاکوئوں نے لوٹ لیا۔

 




مبشر نے ایکسپریس کو بتایا کہ جیسے ہی حیدرآباد سے ٹول پلازہ عبور کیا گیا تو بس ڈرائیور نے کسی کو موبائل فون پر مطلع کیا کہ وہ دس منٹ میں پہنچ رہے ہیں جس پر اس سے بازپرس بھی کی گئی لیکن اس نے کوئی جواب نہ دیا اور کچھ ہی دور جاکر اس نے گاڑی کچے میں اتارلی جہاں پہلے سے موجود 20 سے 25 مسلح ڈاکوئوں نے تمام افراد کو بس سے اتار کر قطار میں بٹھادیا ، خواتین سے زیورات چھینے ، مبشر نے بتایا کہ ڈاکوئوں نے انتہائی اطمینان سے زیورات چیک کیے اور جو سونے کے نہیں تھے وہ وہیں پھینک دیے۔

ڈاکوئوں نے رابطے ختم کرنے کے لیے تمام افراد سے موبائل فون چھینے اور بیٹریاں نکال کر پھینک دیے ، ڈاکوئوں نے بس کی بھی مکمل تلاشی لی اور پورے اطمینان کے بعد باآسانی فرار ہوگئے ، مبشر کا کہنا تھا کہ انتہائی مشکل سے شرکا ہفتہ کی صبح کراچی پہنچے جس کے بعد انھیں واقعے کا علم ہوا ، فوری طور پر مقامی تھانے میں مقدمہ درج کرادیا گیا اور بس ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا ہے ، پولیس اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔
Load Next Story