ڈومیسٹک کمیٹی چیف نے وسیم اکرم کی تنقید مسترد کردی

جسٹس قیوم رپورٹ،جوئے کے معاملات جڑے ہیں سابق کپتان کومیں نہیں مانتا، شکیل

ماضی میں بھی شکیل شیخ نے وسیم اکرم پر سنگین نوعیت کے الزامات لگائے تھے۔ فوٹو: فائل

پی سی بی ڈومیسٹک افیئرز کمیٹی چیف شکیل شیخ نے نئے نظام پر وسیم اکرم کی تنقید مسترد کر دی۔

سرکاری ٹی وی کے ایک پروگرام میں شکیل شیخ سے سوال کیا گیا کہ آپ نے ڈومیسٹک کرکٹ میں ڈرافٹ سسٹم متعارف کرا دیا جس پر وسیم اکرم سمیت سابق کرکٹرز تنقید کررہے ہیں، جواب میں پی سی بی ڈومیسٹک افیئرز کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ کوئی اچھا سمجھے یا بُرا میں تو وسیم اکرم کو مانتا ہی نہیں ہوں۔


میزبان نے سوال کیا کہ سابق کپتان ملک کے لیجنڈ کرکٹر اور چیئرمین پی سی بی کے مشیر بھی رہے ہیں، بورڈ نے ان کو پی ایس ایل کا سفیر بھی مقرر کیا، پھر آپ کی ایسی رائے کیوں ہے، شکیل شیخ نے کہا کہ جسٹس قیوم رپورٹ، جوئے کے معاملات اور اس طرح کی چیزیں سابق کپتان کے نام سے جڑی ہیں،بورڈ نے جو بھی کیا اسے حق حاصل تھا لیکن میری اپنی رائے ہے، میں وسیم اکرم کو نہیں مانتا۔ اس سوال پرکہ انضمام الحق کا نام بھی جسٹس قیوم رپورٹ میں تھا اور وہ چیف سلیکٹر ہیں،کیا آپ ان کو بھی نہیں مانتے۔

شکیل شیخ نے کہا کہ انضمام الحق کو پی سی بی نے عہدہ دیا، میں یہ فیصلہ مانتا ہوں، ایک کو تسلیم کرنے اور دوسرے کی مخالفت کے سوال پر انھوں نے کہا کہ چیزوں پر میرا اختیار ہوتو بات کروں ورنہ کیا کرسکتا ہوں۔دوبارہ سوال پرانھوں نے کہا کہ انضمام کو چیف سلیکٹر مانتا ہوں، وہ بہت بڑے بیٹسمین بھی تھے۔

واضح رہے کہ ماضی میں بھی شکیل شیخ نے وسیم اکرم پر سنگین نوعیت کے الزامات لگائے تھے، وہ باسط علی اور رمیز راجہ کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں۔
Load Next Story