اسلامی بینکاری میڈیا آگہی مہم جلد شروع کرینگے عبدالمقتدر

مقصد اسلامی مالیات کی خوبیوں کو اجاگر، خدشات، غلط فہمیاں اور الجھنیں ختم کرنا ہے۔

ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے مہم چلانے کیلیے7 رکنی اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دیدی۔ فوٹو: فائل

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ڈپٹی گورنر قاضی عبدالمقتدر نے کہا ہے کہ اسلامی مالیات کی اندرونی خوبیوں کے فروغ اور اسلامی بینکاری و مالیات کے بارے میں عام خدشات، غلط فہمیوں اور الجھنوں وغیرہ کے خاتمے کے لیے جامع میڈیا مہم جلد شروع کی جائے گی۔

اس مہم کی قیادت اسلامی بینکاری شعبہ اسٹیٹ بینک کی مدد سے کرے گا۔گزشتہ روز اسٹیٹ بینک، کراچی میں پاکستان میں اسلامی بینکاری کے فروغ کے لیے میڈیا آگہی مہم کے آغاز سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اپنے افتتاحی کلمات میں انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کے جامع ملک گیر سروے ''پاکستان میں اسلامی بینکاری کا علم، رویہ اور مروجہ طریقے'' کے ابتدائی نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسلامی بینکاری پر عوام کا اعتماد و اعتبار بڑھانے کے لیے وسیع پیمانے پر آگہی کی مہم شروع کرنے کی اشد ضرورت ہے۔




اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر نے کہا کہ 2001 کے بعد سے اسلامی بینکاری کی صنعت 30 فیصد سے زائد کی سالانہ شرح نمو کے ساتھ مضبوط رفتار کو برقرار رکھنے میں کامیاب رہی ہے، ملک بھر کے 79 اضلاع میں 1100 برانچوں کا نیٹ ورک قائم ہے اور مارکیٹ میں اس کا حصہ تقریباً 10 فیصد ہے، اس نمو کے باوجود اسلامی بینکاری کی صنعت کو بہت سی دشواریوں کا سامنا ہے، محدود انسانی وسائل اور عوام میں اسلامی بینکاری اور روایتی بینکاری سے اس کے فرق کے بارے میں آگہی کا نہ ہونا یا کم ہونا بھی ایک مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی مالیات کی ضرورت، افادیت اور شریعت میں اس کے جواز کے حوالے سے عوام میں جو غلط فہمیاں اور تذبذب پایا جاتا ہے اس کی ایک بڑی وجہ اس کے بارے میں آگہی کا کم ہونا بھی ہے۔ قاضی عبدالمقتدر نے میڈیا مہم چلانے کیلیے 7 ارکان پر مشتمل ایک اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دی، کمیٹی کی سربراہی میزان بینک کے صدر عرفان صدیقی کریں گے اور اس کے ارکان میں بینک اسلامی پاکستان کے صدر حسن بلگرامی، دبئی اسلامک بینک کے صدر جنید احمد، اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے صدر محسن علی ناتھانی، حبیب بینک کے صدر نعمان کے ڈار، بینک الفلاح کے صدر عاطف باجوہ اور آئی بی ڈی اسٹیٹ بینک کے ڈائریکٹر سلیم اللہ شامل ہوں گے، یہ کمیٹی مہم کے مختلف اجزا پر عمل کیلیے ایک یا زیادہ ذیلی کمیٹیاںبنا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک اور اسلامی بینکاری اداروں نے اسلامی بینکاری و مالیات کے متعلق عوام کی آگہی بڑھانے کیلیے سیمینار، کانفرنسوںکے انعقاد سے متعدد اقدامات کیے لیکن برقی اور پرنٹ میڈیا کو استعمال کر کے عوامی آگہی پھیلانے کی کوئی نمایاں کوشش اب تک نہیں کی جا سکی۔انھوں نے یقین ظاہر کیا کہ حالیہ اقدامات اسلامی بینکاری کے بارے میں آگہی نمایاں طور پر بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
Load Next Story