سڈنی ایکسپریس پاکستان ریئل اسٹیٹ ایکسپو کا کامیاب انعقاد

آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان تجارت کے موقع بڑھ رہے ہیں

آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان تجارت کے موقع بڑھ رہے ہیں . فوٹو : ایکسپریس

ایکسپریس میڈیا گروپ ملکی معیشت کے استحکام کے لیے ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں بین الاقوامی شہروں میں ایکسپو کا کامیاب انعقاد کررہا ہے، اسی سلسلے میں ایکسپریس میڈیا گروپ کے زیر اہتمام آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ایک روزہ انتہائی کامیاب ''ایکسپریس ریئل اسٹیٹ ایکسپو'' منعقد ہوئی۔ آسٹریلیا کے مختلف شہروں سے پاکستانیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور اسے پاکستان میں سرمایہ کاری کا اچھا موقع قرار دیا۔ شرکا نے ایکسپریس گروپ کا شکریہ ادا کیا کہ ایک بڑے اور بامقصد ایونٹ کے لیے آسٹریلیا کے شہر سڈنی کو منتخب کیا گیا۔


ایکسپو کا افتتاح آسٹریلیا میں پاکستانی ہائی کمشنر نائلہ چوہان نے کیا، جن کا کہنا صائب تھا کہ بیرون ممالک مقیم ہر پاکستانی کی خواہش ہوتی ہے کہ وطن میں بھی ان کا ذاتی گھر ہونا چاہیے، چھوٹا ہی ہو لیکن ہو ضرور، البتہ سرمایہ کاری کے حوالے سے اعتماد کرتے ہوئے گھبراتے ہیں، ایکسپریس کے اس ایونٹ سے سڈنی میں رہنے والے پاکستانیوں کو اعتماد ملے گا، لوگ ایکسپریس گروپ پر اعتماد کرتے ہیں، آسٹریلیا میں رہنے والے اپنے سبز ہلالی پرچم کی عظمت کے لیے محنت کرتے ہیں، یہاں رہنے والی دیگر اقوام کی طرح پاکستانیوں کو نمایاں حیثیت حاصل ہے۔ ایکسپریس گروپ نے کامیابی کے ساتھ امریکا، انگلینڈ اور دبئی میں ریئل اسٹیٹ کے حوالے سے ایکسپو کی ہیں، اب آسٹریلیا میں کامیاب شو کردیا ہے۔

اس کے اچھے نتائج آئیں گے۔ آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان تجارت کے موقع بڑھ رہے ہیں، آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی اپنے ملک اور آسٹریلیا کے درمیان پل کا کردار ادا کررہے ہیں، حکومت پاکستان بھی بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو اہمیت دیتی ہے۔ ریئل اسٹیٹ سے متعلقہ ایکسپریس میڈیا گروپ کے سڈنی ایونٹ سے ملکی معیشت پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے اور بیرون ممالک پاکستانیوں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا، ریئل اسٹیٹ ایک بہت بڑا سیکٹر ہے، ہر پاکستانی سرمایہ کاری کے ذریعے اس سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ ایکسپریس آیندہ بھی ملکی معیشت کی مضبوطی کے حوالے سے ایسی تقاریب منعقد کرے گا۔
Load Next Story