نواز شریف لاہور ایسے آرہے ہیں جیسے کشمیر فتح کر لیا شجاعت پرویز الٰہی

سابق وزیر اعظم نے کشمیریوں کے حق کی کبھی بات نہیں کی، چوہدری برادران

عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم بند کرانے کیلیے فوری اقدامات کرے، برطانوی لیبر پارٹی کے رہنماؤں کی ملاقات، گفتگو۔ فوٹو: فائل

پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین اور مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا نوٹس لیں اور انھیں بند کرانے کیلیے فوری اقدامات کریں، نوازشریف لاہور ایسے آ رہے ہیں جیسے کشمیر فتح کرلیا ہو۔


چوہدری برادران نے گزشتہ روزہ برطانوی لیبر پاری کے رکن اور شیڈو سیکریٹری آف اسٹیٹ اور لیبر پارٹی کی الیکشن مہم کے سربراہ اینڈریو گووین (Andrew Gywnne) رکن یورپی پارلیمنٹ واجد خان اور مانچسٹر کے عاصم رشید سے ملاقات کے دوران کہاکہ کشمیریوں کی قیادت نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے، بھارت ظلم و ستم سے ان کی تحریک ختم نہیں کرسکتا۔ اینڈریو گووین نے دونوں ملکوں میں تاریخی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلی بار پاکستان آئے ہیں اور پاکستانیوں کی محبت، ملنساری اور گرم جوشی سے بہت خوشی ہوئی ہے۔

ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شجاعت نے کہاکہ متفقہ انتخابی اصلاحات کے بغیر الیکشن کی شفافیت پر سوال اٹھتے رہیں گے جبکہ چوہدری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے کشمیریوں کے حقوق کی کبھی بات نہیں کی لیکن لاہور ایسے آرہے ہیں جیسے کشمیر فتح کرلیا ہو جبکہ وہ پکڑے بھی چوری میں گئے ہیں اور پکڑا بھی سپریم کورٹ نے ہے اور نااہل قرار دیا ہے۔
Load Next Story