چینی کی مصنوعی قلت ہفتے کے اندر 10 روپے فی کلو مہنگی

چندروز میں ایکس مل ریٹ4700سے5700روپے فی بوری اورخوردہ قیمت 60تا62 روپے کلوپر پہنچ گئی

صرف پرانے سودوں پرچینی فراہم،بحران پیداہوسکتا ہے،ذرائع،وافرپیداوارسے قیمت کم ہو رہی تھی،گٹھ جوڑسے مہنگی کرنے کاپروگرام بنایاگیا،ڈیلرز فوٹو: فائل

شوگر ملز مالکان اور بیوپاریوں کی جانب سے چینی کی مصنوعی قلت پیدا کیے جانے کے سبب چینی کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ روز بھی چینی مزید 2 روپے کلو مہنگی کر دی گئی.

ایکس مل ریٹ 5700 روپے فی 100کلو تک پہنچ گیا، چینی کی خوردہ قیمت میں 1ہفتے کے دوران 10روپے فی کلو تک اضافہ ہوچکا ہے اور اب چینی 60سے 62 روپے فی کلو قیمت پر فروخت کی جا رہی ہے۔


مارکیٹ ذرائع کے مطابق اس سے ایک ہفتے قبل چینی کی ایکس مل قیمت کم ہوتے ہوئے 4700 روپے ہو گئی تھی جس پر شوگر ملز نے ایک روز میں ہی چینی کی قیمت میں 3 روپے اضافہ کرتے ہوئے ریٹ 5000 روپے فی 100 کلو کر دیا اور ساتھ ہی چینی کے نئے آرڈر لینے بندکر دیے جس سے مارکیٹ میں چینی کی فراہمی کم ہوئی اور قیمت مزید 7 روپے اضافے سے گزشتہ روز 5700روپے ایکس مل ریٹ تک پہنچ گئی۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق شوگر ملز صرف پہلے سے بک ہونے والے سودوں پر چینی فراہم کر رہی ہیں اور نئے آرڈر نہیں لیے جارہے جس سے بحران پیدا ہوسکتا ہے۔ شوگر ڈیلرز ایسوسی ایشن کے رہنما اصغر بٹ کا کہنا تھاکہ ملک میں چینی کی پیداوار وافر ہونے کے باعث قیمت میں کمی ہو رہی تھی لیکن بعض عناصر نے گٹھ جوڑ کر کے اس کو مہنگی کر نے کا پروگرام بنا لیا ہے اور یہ سب کچھ چینی کی مصنوعی قلت پیدا کر کے قیمتیں بڑھانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
Load Next Story