کراچی میں فائرنگ دستی بم سے حملہ5افراد ہلاک11گاڑیاں نذر آتش

نیوسبزی منڈی پرتاجر،لیاری اورسچل میں2افرادہلاک،زخمی چل بسا، لانڈھی میں دکان پردستی بم دھماکا

گلستان جوہرمیں متحدہ کاکارکن،نیوسبزی منڈی پرتاجر،لیاری اورسچل میں2افرادہلاک،زخمی چل بسا، لانڈھی میں دکان پردستی بم دھماکا فوٹو فائل

کراچی میں فائرنگ کے واقعات کے دوران متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن سمیت 5 افراد ہلاک اورمتعددزخمی ہوگئے،گلستان جوہررابعہ سٹی میں سیاسی جماعت کے سابق عہدیدارکی گرفتاری پرمشتعل افراد نے شدیدہنگامہ آرائی کے دوران11گاڑیاں،بچت بازار کے شامیانے،اور درجنوں پتھاروں کو آگ لگا دی جبکہ سڑک پر ٹائر بھی جلائے۔

تفصیلات کے مطابق گلستان جوہرمیں جوہرچورنگی کے قریب نامعلوم ملزمان نے دکان میںگھس کر فائرنگ کرکے انورعباس ولداختر عباس کوہلاک کردیا۔مقتول کی منیرموبائل مارکیٹ میں آگ بجھانے کے آلات کی دکان تھی اوروہ اپنی دکان میں موجود تھا کہ نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کردی ،مقتول متحدہ قومی موومنٹ کا کارکن اور علاقے کا ہی رہائشی تھا۔نئی سبزی منڈی میں مسلح افرادکی فائرنگ سے سبزی کاتاجرطائی جان ہلاک ہوگیاجبکہ اس کا ساتھی عبدالحمیداورگل محمدزخمی ہوگئے،پولیس واقعے کوذاتی دشمنی کا شاخسانہ قراردے رہی ہے،واقعے کے خلاف سبزی منڈی کے تاجروں نے کچھ دیرسپر ہائی وے پر احتجاج بھی کیا۔

سچل کے علاقے میں ریتی بجری کے اڈے پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 28 سالہ عبدالمجیدہلاک اور بختیار احمد زخمی ہوگیا ۔لیاری کے علاقے مرزاآدم خان روڈپرمسلح ملزمان کی فائرنگ سے 29 سالہ نعمان شیخ ہلاک ہوگیا ،مقتول کا آبائی تعلق سیالکوٹ سے تھا جبکہ وہ بہار کالونی کا ہی رہائشی تھا ، مقتول نے 2 شادیاں کی ہوئی تھیں اور وہ 4 بچوں کا باپ تھا ، مقتول کو مخبری کے شبے میں فائرنگ کرکے ہلاک کیاگیا۔3روزقبل پیرآبادکے علاقے میں2گروپوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہونے والا حیدردوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، مقتول حیات گروپ منشیات فروش گروہ سے تعلق رکھتاتھا۔گلبرگ بلاک18میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پرڈاکوئوں کی فائرنگ سے25 سالہ شعیب زخمی ہوگیا،نارتھ ناظم آبادمیٹرک بورڈ آفس کے قریب 45 سالہ سیدذوالفقار شاہ ،جمشید روڈ پرپردہ پارک کے قریب 25 سالہ جاوید،کٹی پہاڑی کے قریب 28 سالہ فہد زخمی ہوگئے۔




حسین ہزارہ گوٹھ میں رقم کے لین دین تنازع پر35سالہ ہارون زخمی ہوگیا۔لانڈھی89ٹیلی فون ایکسچینج کے قریب واقع طاہرالیکٹرانک شاپ پرموٹر سائیکل سوار ملزمان دستی بم سے حملہ کرکے فرارہوگئے،بم زوردار دھماکے سے پھٹ گیاجس کے نتیجے میں2افرادزخمی ہو گئے،حملے کے وقت دکان بندتھی جس کے نتیجے میں طاہرالیکٹرانک شاپ اور اس سے متصل ابرار الیکٹرانک شاپ کے شٹراکھڑگئے جبکہ دکان کے اوپر واقع طاہر الیکٹرانک شاپ کے مالک فیاض خان کے گھر کی کھڑکیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

ذرائع کے مطابق طاہر الیکٹرانک شاپ کے مالک فیاض خان کو بھتے کی پرچی دی گئی تھی۔نارتھ ناظم آبادبلاکN ڈی سی آفس کے عقب میں گلی نمبر11کے کارنرپرواقع نارتھ امریکن گرامراسکول کے مرکزی گیٹ کے برابرمیں واقع لان میں نامعلوم ملزمان دستی بم رکھ کرفرار ہوگئے،اطلاع ملنے پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے علاقے کا محاصرہ کر کے بم ڈسپوزل کے عملے کو طلب کر لیا ، بم ڈسپوزل کے عملے نے موقع پر پہنچ کر دستی بم کو انتہائی مہارت سے ناکارہ بنادیا۔ادھررینجرزنے شارع فیصل تھانے کی حدود گلستان جوہرمیں واقع رابعہ سٹی اپارٹمنٹ سے ایک سیاسی جماعت کے سابق عہدیدارطارق ترین کوحراست میں لے کر تفتیش کیلیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا،طارق ترین کے حراست میں لیے جانیکی اطلاع ملنے پراس کے ساتھیوں رابعہ سٹی کے سامنے سڑک پر گاڑیوں پر پتھراؤ اور فائرنگ کی۔

جس کے باعث ٹریفک معطل ہو گیا مشتعل افراد نے سڑک پر ٹائر جلائے اور رابعہ سٹی کے قریب میدان میں لگے ایک بچت بازار کے شامیانے اوردرجنوں پتھاروں کوآگ لگادی ،ہنگامہ آرائی کرنیوالوں نے جلاؤ گھیراؤ کے دوران5 کاریں، 5 موٹر سائیکلوں اورایک رکشابھی نذرآتش کردیاجبکہ شرپسندوں نے جدید آتشی اسلحے سے کھلے عام فائرنگ بھی کی جس کے نتیجے میں50سالہ ناصر،28سالہ محمدعمر اور20 سالہ مدثر سمیت4زخمی ہوگئے۔پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری 3 گھنٹے تک علاقے میں داخل نہیں ہوسکی اس دوران قانون نافذ کرنیوالے ادارے رابعہ سٹی سے کافی فاصلے پرکھڑے میڈیاکے نمائندوں سے خوش گپیوں میں مصروف رہے۔

Recommended Stories

Load Next Story