کرنسی وار نہیں چھیڑی جائیگی جی 20 کی یقین دہانی

فاریکس ریٹس کا تعین مارکیٹس کا کام ہے، حکومتیں مداخلت نہیں کریں گی۔

مسابقتی ڈی ویلیوایشن سے گریز، ترقی کیلیے مل کر کام کرینگے، مشترکہ اعلامیہ جاری۔ فوٹو : اے ایف پی

جی 20 وزرائے خزانہ نے مارکیٹس کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلیے ایک دوسرے کے مقابلے میں کرنسی کی قدر کم کر کے ''اقتصادی جنگ'' نہیں چھیڑی جائے گی۔

یہ یقین دہانی ماسکو میں ہونے والے 2 روزہ جی20 وزرائے خزانہ اجلاس کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں کرائی گئی۔ مشترکہ اعلامیے میں کہاگیا کہ ہم مسابقتی ڈی ویلیوایشن سے گریز کریں گے، ہم مسابقتی مقاصد کے لیے ایکسچینج ریٹ کے ہدف نہیں رکھیں گے۔




جی 20 ممالک نے ترقی کیلیے مشترکہ طور پر کام کرنے کا عزم بھی کیا اور مارکیٹ بیسڈ ایکسچینج ریٹ سسٹم اور بنیادی اشاریوں کی عکاسی پر مبنی لچک کی جانب تیزی سے جانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا گیا کہ فاریکس ریٹس کا تعین مارکیٹس کا کام ہے اور اس میں حکومتیں مداخلت نہیں کریں گی۔ یہ اعلامیہ جی سیون کی جانب سے حال ہی میں جاری کردہ بیان سے مماثل ہے۔ یاد رہے کہ کرنسی وار کے خدشات جاپان کی جانب سے تفریط زر کے خاتمے اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلیے زری پالیسی کو نرم کیے جانے کے منصوبے سے پیدا ہوئے۔

قبل ازیں صحافیوں سے بات چیت میں برطانوی وزیر خزانہ جارج اوسبورن نے کرنسی وار کے خطرات سے متنبہ کیا اور کہا کہ رواں ہفتے جی سیون نے بھی بڑا واضح بیان جاری کیا تھا، کرنسیوں کو مسابقتی ڈی ویلیوایشن کے ذریعہ بطور ہتھیار استعمال نہیں کرنا چاہیے، دنیا کو ماضی کی غلطی نہیں دہرانی چاہیے جب کرنسی کو اقتصادی جنگ میں بطور ہتھیار استعمال کیاگیا۔ یورپی ممالک کو خوف ہے کہ اگر یہ کرنسی وار چھڑی تو جاپانی ین کی طرح دیگر کرنسیوں کی قدر میں کمی سے یورپی برآمدات غیرمسابقتی ہونے سے ان کی معیشتوں کو نقصان ہوگا۔
Load Next Story