مزے کی عید
عید پر غرباء کو مت بھولیے گا۔ گوشت کی تقسیم کے ساتھ پکے ہوئے کھانوں میں بھی ان کا حصہ نکالیے
عید الفظر پر جہاں شیر خرما دلوں کو لبھاتا ہے وہیں عید قرباں پر پلاؤ،کوئلوں پر سینکتے گوشت کی مہک خوشیوں کو دوبالا کردیتی ہے۔ فوٹو: فائل
ہر علاقے اور ہر تہذیب اپنی روایات اور تہواروں کے ساتھ ساتھ اپنے پکوانوں سے بھی پہچانے جاتے ہیں۔ عید کا لطف بھی اپنے مخصوص پکوانوں کے سبب دوبالا ہوجاتا ہے۔ عید الفظر پر جہاں شیر خرما دلوں کو لبھاتا ہے وہیں عید قرباں پر پلاؤ،کوئلوں پر سینکتے گوشت کی مہک خوشیوں کو دوبالا کردیتی ہے۔ گوکہ جغرافیائی ماحول کے باعث روایتی کھانوں میں ذائقہ کا فرق موجود ہوتا ہے لیکن خاص اہتمام کا سلسلہ ہر جگہ یکساں ہے۔ بعض گھرانوں میں علاقائی اور روایتی کھانے بھی مخصوص طریقوں سے پکائے جاتے ہیں جو نسل در نسل چلتے رہتے ہیں۔ اِن سب کے باوجود وقت کی تبدیلی کے ساتھ بڑوں اور چھوٹوں کی پسند میں تفاوت پایا جاتا ہے، لہذا، میں حسبِ حال بقرعید کے حوالے سے بھی ایسی ڈشز کی تراکیب بیان کروں گی جو گھر کے ہر فرد کی پسند کا احاطہ کرتی ہو۔
قربانی کے فوراً بعد کلیجی پکانے کا رواج عام ہے مگر اکثر اوقات بچے یہ تازہ کیلجی کی مہک کے باعث اِسے کھانا پسند نہیں کرتے تب آپ اُن کے لیے مٹن فرائیڈ چانپیں بناسکتے ہیں، جسے اُبلے ہوئے انڈوں اور فرنچ فرائیز کے سات پیش کیا جاسکتا ہے۔ اُس کی ترکیب حسب ذیل ہے۔
فرائیڈ چانپ
- آپ 1 کلو کے قریب چانپیں لیں اور انہیں 10 منٹ کوکر میں اُبالیں۔
- پھر اُن پر کارن فلار کی تہہ جمائیں اور آدھے گھنٹے کے لیے فریزر میں رکھ دیں۔
- ایک کپ میدہ، آدھا کپ کارن فلار لیں اور پھر اِس میں حسب ذائقہ نمک، کٹی ہوئی لال مرچ، کالی مرچ، ادرک لہسن پیسٹ، ایک لیموں، آدھا چمچ سرکہ اور 1 چمچ سویا ساس ڈال کر دو انڈے ڈالیں۔ اچھی طرح چانپوں پر مسالہ لگائیں اور 10 سے 15 منٹ رکھ دیں۔
- ایک چولہے پر کڑاہی رکھیں اور تیل کو خوب گرم کیجئے۔
- آہستہ سے کھولتے ہوئے تیل میں یہ چانپیں ڈالیں اور ڈیپ فرائی کرلیں۔
- گرما گرم آلو کے چپس اور اُبلے ہوئے انڈوں کے ساتھ پیش کریں۔
بیف بریانی
- بیف بریانی بچے اور بڑے سب ہی شوق سے کھاتے ہیں۔ اِس کے لیے آپ ایک کلو گوشت لیجئے۔
- پھر آدھا کلو پیاز کو لچھوں کی صورت میں کاٹ لیں
- کوکر لیں اور اُس میں 250 گرام گھی یا اتنی ہی مقدار میں تیل لیجئے اور گرم کرنے کے بعد پیاز ڈال کر براؤن کرلیں۔
- اب اِس میں ادرک لہسن پیسٹ شامل کریں اور ساتھ ہی ثابت زیرہ، لونگ جیفل جاوتری، بادیان کے پھول، تیز پتہ، دار چینی اور کالی مرچ شامل کریں اور آدھا کلو ٹماٹر کاٹ کر ڈالیں۔
- اب حسبِ ذائقہ نمک، لال مرچ پاؤڈر، کٹی ہوئی لال مرچ، دھنیا پاؤڈر، ہلدی ڈالیں اور گوشت ڈال دیں ساتھ ہی آلو بھی شامل کرلیں۔
- دہی بھی ڈالیں اور کچھ منٹ بھوننے کے بعد پانی شامل کریں اور کوکر بند کردیں۔ 20 منٹ کے بعد کوکر کھولیں۔
- اب آپ اس میں آلو بخارا اور لیموں حسبِ ذائقہ کاٹ کر شامل کرلیں۔ ایک دو ابال دیں اور خیال رہے کہ پانی اچھی طرح خشک ہوچکا ہو اور سالن نے تیل چھوڑ دیا ہو۔
- ایک پتیلے میں ایک کلو چاول اُبال لیں لیکن اُن میں ایک کنی باقی رہے۔
- اب دھیمی آنچ پر توا رکھیں اور اِس پر پتیلا رکھیں۔
- چاول کی ایک تہہ بچھائیں اور اُس پر باریک کٹا ادرک، پودینہ اور ہری مرچ ڈالیں۔ پھر تیار شدہ گوشت اور مصالحہ کی تہہ بچھائیں۔ اِسی طرح تمام چاولوں اور مصالحے کی تہہ لگائیے اور ذردے کا رنگ بھی ڈالیے۔
- دم پر رکھ کر آنچ تیز کردیں۔ 5 سے 7 منٹ بعد آنچ بالکل دھیمی کردیں اور 10 منٹ دم پر رکھیں۔ رائتے اور کباب کے سات پیش کریں۔
(یہ یاد رہے کہ میں صرف لوازمات اور ترکیب بتارہی ہوں۔ آپ گوشت اور چاول کی مقدار کے حساب سے اِن سب اجزاء کو شامل کیجیے گا اور کوکر کی جگہ دیگچی استعمال کریں تو گوشت گل جانے کا اضافی وقت اپنے حساب سے طے کیجئے گا)
ایک اور ڈش جو ہر عمر کا فرد پسند کرے گا وہ ہے ہنٹر بیف، اس کی ترکیب درج ذیل ہے۔
ہنٹر بیف
رات کو ہڈی لگے گوشت اور کچھ بغیر ہڈی کے گوشت میں حسبِ ذائقہ پسا ہوا ادرک لہسن، نمک اور تیل کے ساتھ خوب سارا پانی ڈال کر دھیمی آنچ پر پکنے کو چھوڑ دیں۔ صبح تک یہ پک کر مکمل تیار ہوگا جو بالکل بھنا ہوا ہوگا۔ آپ اِسے مکھنی روٹی، کلچہ اور روغنی نان اور دہی کے ساتھ تناول کرسکتے ہیں۔
ساتھ ہی عید پر غرباء کو مت بھولیے گا۔ گوشت کی تقسیم کے ساتھ پکے ہوئے کھانوں میں بھی اُن کا حصہ نکالیے۔ عید کا لطف اور اُس کی برکات دوبالا ہوجائیں گی۔ خدا آپ سب کی قربانی قبول کرے۔
نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا لکھاری کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے
اگر آپ بھی ہمارے لیے بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 800 الفاظ پر مشتمل تحریراپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک و ٹویٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کیساتھ blog@express.com.pk پر ای میل کریں۔ بلاگ کے ساتھ تصاویر اور ویڈیو لنکس بھی