ٹیسٹ رینکنگ میں شکیب الحسن کی ترقی یاسر شاہ کیلیے تنزلی کا باعث

وارنر کی بڑی جست کے باوجود بیٹنگ میں اظہر علی کی ساتویں پوزیشن بچ گئی

شکیب الحسن نے پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ سے 14ویں پوزیشن چھین کر انھیں 15 ویں نمبر پر دھکیل دیا۔ فوٹو: فائل

ٹیسٹ رینکنگ میں شکیب الحسن کی ترقی یاسر شاہ کیلیے تنزلی کا باعث بن گئی۔

بنگلادیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن نے آسٹریلیا کے خلاف بیٹ اور گیند دونوں سے اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا، جس کی وجہ سے اسے دونوں ہی شعبوں کی رینکنگ میں اس کا بہترین صلہ بھی مل گیا، بولنگ چارٹ میں تین درجے ترقی سے انھوں نے پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ سے 14ویں پوزیشن چھین کر انھیں 15 ویں نمبر پر دھکیل دیا، وہ اس وقت ٹاپ 20 بولرز میں واحد پاکستانی ہیں، شکیب نے کیریئر بیسٹ پوزیشن حاصل کی،انھوں نے آل راؤنڈرز میں بھی اپنی ٹاپ پوزیشن کو مزید مضبوط کرلیا،اسی میچ میں 71 اور 78 رنز کی اننگز کھیلنے والے ساتھی اوپنر تمیم اقبال بھی 6 درجے ترقی کے بعد بیٹسمین رینکنگ میں کیریئر بیسٹ 14 پوزیشن پر پہنچ گئے۔


ٹاپ 20 بیٹسمینوں میں شامل واحد پاکستانی اظہر علی بدستور ساتویں نمبر پر موجود ہیں۔ آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر کو ڈھاکا ٹیسٹ میں سنچری کا صلہ ایک بار پھر ٹاپ 10 میں واپسی کا صورت میں ملا، انھوں نے کپتان اسٹیون اسمتھ کے ساتھ تیسری وکٹ کیلیے 130 رنز کی شراکت بھی بنائی تھی مگر ٹیم کو شکست سے نہیں بچا سکے۔ وارنر اب پانچ درجے ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر پہنچ گئے، ان کو جگہ دینے کیلیے الیسٹر کک کو ایک ساتھ 2درجے نیچے اتر کر آٹھویں پوزیشن پر جانا پڑا، ہاشم آملا اور لوکیش راہول بھی ایک ایک درجہ تنزلی کے بعد بالترتیب نویں اور دسویں نمبر پر چلے گئے۔

ادھر انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچریاں اسکور کرنے والے شائی ہوپ کو ایک ساتھ 60 درجے ترقی ملی جس کی بدولت وہ کیریئر بیسٹ 42 ویں نمبر پر پہنچ گئے، اسی میچ میں سنچری اور ففٹی بنانے والے اوپنر کریگ بریتھ ویٹ نے 14 درجے بہتری سے 16 ویں پوزیشن سنبھالی۔
Load Next Story