رمیز راجہ کرکٹ فکسرز پر تاحیات پابندی کے حامی

ملک کا نام بیچنے والوں کوسزا دیتے ہوئے ٹیلنٹ کی فکر چھوڑ دینی چاہیے، سابق اسٹار

شرجیل سے کوئی ہمدردی نہیں،ہر کرکٹر ضابطہ اخلاق کی پاسداری کرے، اقبال قاسم۔ فوٹو: فائل

رمیز راجہ نے کرکٹ فکسرز پر تاحیات پابندی کی حمایت کر دی۔

ایک انٹرویو میں رمیز راجہ نے کہا کہ شرجیل خان پر پابندی کی سزا افسوسناک لیکن پی سی بی نے ایک اچھی روایت قائم کی ہے، میرے بس میں ہوتا تو اوپنر پر تاحیات کرکٹ کے دروازے بند کردیتا۔ انھوں نے کہا کہ پی ایس ایل ایک برانڈ بننے جا رہی تھی، فکسنگ کرنے والوں نے اس کا نام خراب کیا اور اپنے پرستاروں کو مایوس کیا، ایسے لوگوں نے ملکی کرکٹ کی عزت کا خیال کرنے کے بجائے اسے ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا۔


رمیز نے کہا کہ فکسر کیخلاف فیصلے کرتے ہوئے ٹیلنٹ ضائع ہونے کی پرواہ نہیں کرنا چاہیے۔ ہم کچھ زیادہ ہی ترس کھاتے ہوئے نرم گوشہ اختیار کرلیتے ہیں کہ ٹیلنٹ ضائع ہونے سے بچایا جائے، کیا یہ نہ ہوئے تو ہم جیت نہیں سکیں گے، دنیا کے دیگر ملکوں میں ایسا نہیں ہوتا، کون سا ملک ہے کہ جہاں اس نوعیت کی بدنامی کرانے کے بعد کھلاڑی کہیں نظر آتے ہوں۔

دوسری جانب سابق اسپنر اقبال قاسم نے کہا کہ مجھے شرجیل خان کے ساتھ کوئی ہمدردی نہیں،ہر کرکٹر کو ضابطہ اخلاق کا خیال رکھنا چاہیے،کھلاڑیوں کو تواتر سے بتایا جاتا ہے کہ منفی عناصر سے دور رہیں،اس کے باوجود وہ بکیز کے جال میں پھنس جائیں تو سزا ملنا چاہیے۔ انھوں نے کہاکہ والدین اور کلب کوچز کو بھی کرکٹرز کی تربیت کرنا چاہیے کہ منفی سرگرمیوں سے دور رہتے ہوئے صرف اپنے کھیل کے ذریعے ملک کا نام روشن کرنے پر توجہ دیں۔
Load Next Story