میرا سوئپ شاٹ پر آؤٹ ہونا ٹرننگ پوائنٹ رہامصباح

شکست کے ذمہ دار ہم خود ہیں،بیٹنگ میں غلطیاں کیں اور اہم مواقع پر گھبراہٹ کا شکار بھی ہوئے، مصباح الحق

سعید اجمل کی پرفارمنس دیکھ کر کہا جاسکتا ہے کہ 70یا 80 رنز مزید ہوتے تو نتیجہ مختلف ہوتا، مصباح الحق ۔ فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے تسلیم کیاکہ میرا سوئپ شاٹ پر آئوٹ ہونا میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔


کیپ ٹائون ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ شکست کے ذمہ دار ہم خود ہیں،بیٹنگ میں غلطیاں کیں اور اہم مواقع پر گھبراہٹ کا شکار بھی ہوئے، جن کی ورلڈ نمبر ون ٹیم کیخلاف قطعی گنجائش نہیں ہوتی، روبن پیٹرسن کی اننگز بھی فرق ثابت ہوئی، انھوں نے کہا کہ سعید اجمل ورلڈ کلاس بولر ہیں،ان کی پرفارمنس دیکھ کر کہا جاسکتا ہے کہ 70یا 80 رنز مزید ہوتے تو نتیجہ مختلف ہوتا، 250 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پروٹیز پر دباؤ زیادہ ہوتا جس کا فائدہ اٹھایا جاسکتا تھا،180 تک پہنچنے کیلیے ذہن میں خدشات کم ہوتے ہیں۔

جنوبی افریقی قائد گریم اسمتھ نے کہا کہ تیسرے دن کے آغاز پر خاصے دبائو میں تھے، ایک بڑی پرفارمنس میچ کا نقشہ بدلنے کیلیے درکار تھی،روبن پیٹرسن نے حیران کن طور پر اپنی اننگز سے پوری ٹیم کو حوصلہ دیا،انھوں نے کہا کہ سعید اجمل دنیا کے نمبر ون اسپنر ہیں،ہمارے گرائونڈز پر اسپنرز کبھی کبھار ہی غلبہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں، اس بار سب کچھ ہماری توقعات کے برعکس ہوا، خوشی کی بات ہے کہ مشکلات کے باوجود ہم بالآخر سرخرو ہوئے، میں اسے100ٹیسٹ میں کپتانی کے دوران حاصل ہونے والی چند اہم فتوحات میں سے ایک سمجھتا ہوں۔
Load Next Story