کورنگی 30 ڈاکوئوں نے اینی میشن ہائوس لوٹ لیا

ملزمان دیوار پھلانگ کر اندر داخل ہوئے،ڈھائی گھنٹے تک لوٹ مار کی،مقدمہ درج.

اینی میشن ہائوس میں ڈاکوئوں کی لوٹ مار کے بعد دفتر کا سامان بکھرا پڑا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

ملک کے معاشی حب کراچی میں ڈاکوئوں اور لٹیروں کے حوصلے اس قدر بلند ہوگئے ہیں کہ درجنوں ڈاکو ایک ساتھ پورے دفتر کو لوٹ کر انتہائی آسانی سے فرار ہوجاتے ہیں جبکہ پولیس ہاتھ پر ہاتھ دھرے رہ جاتی ہے ۔

ایسا ہی ایک واقعہ کورنگی زمان ٹائون میں واقع ایک اینیمیشن ہائوس میں پیش آیا جہاں 30 مسلح ڈاکوئوںنے اینیمیشن ہائوس میں داخل ہو کر ملازمین سے نقدی و موبائل فون ، سیکیورٹی گارڈ سے اسلحہ اور دفتر میں موجود لاکھوں روپے مالیت کے کمپیوٹر لوٹ کر فرار ہوگئے ، ڈاکو ڈھائی گھنٹے تک انتہائی اطمینان سے لوٹ مار کرتے رہے ، اینیمیشن ہائوس کے ایک ملازم نے ایکسپریس کو بتایا کہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب اینیمیشن ہائوس کی دیوار پھلانگ کر 30 مسلح ملزمان دفتر میں داخل ہوئے اور انھوں نے سیکیورٹی گارڈز سے اسلحہ چھین کرانھیں شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور دفتر میں موجود ملازمین کو ایک کمرے میں بند کردیا۔

ملزمان نے ایک الماری سے سوا دو لاکھ روپے نقد ، ایک کلاشنکوف سمیت سیکیورٹی گارڈز کا دیگر اسلحہ لوٹ لیا جبکہ ملازمین سے پوچھ کر کیمرا روم سے بھی کمپیوٹرز اپنے ہمراہ لے گئے ملزمان نے دفتر میں توڑ پھوڑ کی اور دیگر قیمتی سامان بھی لوٹا ،سیکیورٹی گارڈز اور ملازمین کو کمرے میں بند کرنے کے بعد کچھ ملزمان کمرے کے باہر پہرا دیتے رہے جبکہ باقی ملزمان اطمینان سے لوٹ مار کرتے رہے، ملزمان رات تین بجے دفتر میں داخل ہوئے اور صبح ساڑھے 5 بجے وہاں فرار ہوگئے۔


 



ملازمین نے بتایا کہ باہر سے کچھ بڑی گاڑیوں مزدا ٹرک وغیرہ کی آوازیں آتی رہیں جس سے لگتا ہے ملزمان اپنے ہمراہ سامان لے جانے کے لیے ٹرک بھی لائے تھے اور ممکن ہے کہ وہ اسی میں فرار ہوئے ملزمان نے انتہائی دیدہ دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اینیمیشن ہائوس کی دیوار کے ساتھ بلاکس لگا کر راستہ بنایا اور دیوار پھلانگ کر دفتر میں داخل ہوئے ، واقعے کا مقدمہ زمان ٹائون تھانے میں درج کرادیا گیا ہے۔

پولیس نے سپر وائزر سلیم کی مدعیت میں مقدمہ الزام نمبر 37/13 بجرم دفعہ 395 کے تحت نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا ہے،پولیس نے روایتی انداز میں تفتیش کا آغاز تو کردیا ہے لیکن فوری طور پر کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ہے،میٹرو پولیٹن شہر کراچی ڈاکوئوں کے رحم و کرم پر ہے جوکہ اسلحے کے زور پر شہریوں کو ان کے قیمتی مال و متاع سے محروم کررہے ہیں لیکن پولیس کو کبھی نظر نہیں آتے۔
Load Next Story