خالد محمود نے بکیز پر آہنی ہاتھ ڈالنے کا مطالبہ کردیا

فکسنگ ختم کرنے کیلیے ملوث افرادکوعبرتناک سزائیں دینا ہونگی،سابق چیئرمین بورڈ

کرکٹرز کے معاوضے دیگرملکوں کے قریب لائے جائیں تو آگے چل کر سامنے آنے والے مسائل میں کمی ہوگی۔ فوٹو: نیٹ

سابق چیئرمین پی سی بی خالد محمود نے بکیز پر بھی آہنی ہاتھ ڈالنے کا مطالبہ کردیا۔

پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں شرجیل خان پر پابندی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے خالد محمود نے کہا کہ کرکٹ کو کرپشن سے پاک کرنے کیلیے کڑا اور مسلسل احتساب ضروری ہے،عام طور پر کرکٹرز کو سزائیں دے دی جاتی ہیں لیکن ان کو مکروہ دھندے میں ملوث کرنے والے بکیز بچ نکلتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ملکی ہوں یا غیر ملکی بک میکرز کو بھی گرفت میں لانے کیلیے کرمنل کوڈ کے تحت کارروائی ہونا چاہیے،کرکٹ سے فکسنگ کا ناسور ختم کرنے کیلیے ملوث افراد کو عبرتناک سزائیں دینا ہوںگی۔


سابق چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ جب تک کھلاڑیوں کے ساتھ بکیز پر بھی آہنی ہاتھ نہیں ڈالا جائے گا اسپاٹ اور میچ فکسنگ جیسے ناخوشگوار واقعات سامنے آتے رہیں گے، ہمارے بیشتر کرکٹرز غریب گھرانوں سے آتے ہیں،کھیل میں ٹیلنٹ کی وجہ سے قومی ٹیموں میں جگہ بنانے میں تو کامیاب ہوجاتے ہیں لیکن کمزور معاشی پس منظر کی وجہ سے بکیز کے جال میں جلد پھنس جانے کا خدشہ موجود ہوتا ہے۔

خالد محمود نے کہا کہ پی سی بی کے ساتھ کلبز، ریجنز اور ڈپارٹمنٹس بھی کھلاڑیوں کی ذہنی تربیت کیلیے کام کریں، کرکٹرز کے معاوضے دیگرملکوں کے قریب لائے جائیں تو آگے چل کر سامنے آنے والے مسائل میں کمی ہوگی تاہم رضاکارانہ جذبے کے ساتھ پلیئرز کو مالی اور اخلاقی سپورٹ دی جائے تو ایک ایسا ماحول بن سکتا ہے جس میں منفی عناصر کو دراندازی کا موقع نہ مل سکے گا۔
Load Next Story