’’یابائت‘‘ پاکستان میں کام نہیں کر رہی سی پیک شفاف منصوبہ ہے چینی سفارتکار

کمپنی نے حکومت کو دھوکا دینے کیلیے چند جعلی خطوط بنائے جس پر اسے سزا دی گئی، لی جیان ژاؤ

چینی حکومت نے ملتان میٹروبس منصوبے میں کرپشن کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیدیا، پنجاب حکومت۔ فوٹو: فائل

پاکستان میں چین کے سفارتخانے کے ڈپٹی چیف آف مشن لی جیان ژاؤ نے ملتان میٹرو منصوبے میں چینی کمپنی کے ذریعے کرپشن کے الزامات سامنے آنے کے بعد اپنے ایک ٹویٹ میں کہاہے کہ چینی کمپنی ''یابائت'' پاکستان میں کام نہیں کر رہی، یابائت نے حکومت کو دھوکا دہی کیلیے جعلی خطوط تیارکئے اور جعلی خطوط تیار کرنے پر اس کمپنی کو سزا بھی دی جا چکی ہے۔

گزشتہ روز چینی سفارتخانے کے ڈپٹی چیف آف مشن لی جیان ژاؤ نے اپنے ٹویٹ میں کہاکہ جیانگسو یابائت ٹیکنالوجی کارپوریشن لمیٹڈ'' پاکستان میں کام نہیں کررہی، اس کمپنی نے حکومت کو دھوکا دینے کے لئے چند جعلی خطوط بنائے جس پر اسے سزا دی گئی ہے۔


دوسری جانب پنجاب حکومت کے ترجمان کے مطابق چینی حکومت نے ملتان میٹروبس منصوبے میں کرپشن کے الزامات کوبے بنیاد قرار دے دیا ہے۔ ڈپٹی چیف آف مشن لی جان ژاؤ نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ یابائت کمپنی نے ملتان میٹرو بس پر کوئی تعمیراتی کام نہیں کیا، کمپنی کی جانب سے جعلی دستاویزات اور خط تیار کر کے پنجاب حکومت پر بے بنیاد الزامات لگائے ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق اپنے ایک اور ٹویٹ میں لی جیان ژاؤ نے کہاکہ سی پیک منصوبہ صاف اور شفاف ہے جس میں کرپشن کی کوئی گنجائش نہیں۔ دریں اثنا ایس ای سی پی اور چائنا سیکیورٹیزریگولیٹری کمیشن کے باضابطہ بیان میں اس بات کی تصدیق کردی گئی ہے کہ چینی ریگولیٹرکی موجودہ تحقیقات کے نتائج کی بنیاد پر انھیں ایسے شواہد نہیں ملے ہیں جس سے یابائت کے کسی بھی پاکستانی شخصیت کیساتھ کاروباری لین دین کا اظہار ہوتا ہو۔
Load Next Story