یوایس اوپن میں گاربین مگروزا اور شراپووا کی کہانی ختم

پلسکووا، کیوٹوا اور وینس ولیمز نے کوارٹر فائنلز میں قدم رکھ دیے، سواریز بھی ناکام

پلسکووا، کیوٹوا اور وینس ولیمز نے کوارٹر فائنلز میں قدم رکھ دیے، سواریز بھی ناکام ۔ فوٹو : اے ایف پی

یوایس اوپن ٹینس میں گاربین مگروزا اور ماریا شرپووا کی چوتھے رائونڈ میں چھٹی ہوگئی۔

سیزن کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلم یوایس اوپن میں تھرڈ سیڈ گاربین مگروزا اور سابق چیمپئن ماریا شراپووا کا قصہ چوتھے رائونڈ میں تمام ہوگیا، ومبلڈن چیمپئن مگروزا کو پیٹرا کیوٹوا نے مات دیکر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی، جمہوریہ چیک کی اسٹار نے یہ مقابلہ 7-6(7/3)، 6-3 سے ہرادیا۔


ٹاپ سیڈ کیرولینا پلسکووا نے امریکی حریف جینیفر بریڈی کو 6-1 اور6-0 سے شکست دیکر ٹائٹل کی جانب پیشقدمی جاری رکھی، 9 سیڈ وینس ولیمز نے کارلا سواریز نیوارو پر غلبہ پالیا، بیماری اور بڑھتی عمر کے باوجود وینس نے فتح کی بدولت کیریئر کے 39ویں گرینڈ سلم کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی،وہ کیریئر کے آٹھویں اور یوایس اوپن میں تیسرے ٹائٹل کو جیتنے کیلیے پراعتماد ہیں۔ لٹویا سے تعلق رکھنے والی اناستاسیجا سیواسٹووا نے سابق چیمپئن ماریا شراپووا کو 5-7 ، 6-4 اور6-2 سے ٹھکانے لگادیا، امریکی پلیئر سلون اسٹیفنز نے جرمن حریف جولیا گوریجس کو 6-3 ، 3-6 اور6-1 سے قابو کرلیا۔

دوسری جانب مینز سنگلز کے چوتھے رائونڈ میں فرانس کے لوکاس پائولی کو ارجنٹائنی پلیئر ڈیگو شوارزمین نے مات دیکر کوارٹر فائنل میں قدم رکھ دیے، جنوبی افریقی کیون اینڈرسن نے لورینز پر غلبہ پالیا، اسپینش اسٹار پبلو کارینو بسٹا نے کینیڈین حریف شیپالووف کو مات دے دی۔
Load Next Story