انجرڈ جے وردنے بنگلہ دیش کیخلاف ہوم سیریز سے باہر

سرجری کے دوران انگلی میں تار ڈال کر ہڈی کو جگہ پر رکھا جائیگا، سنگاکارا بھی ان فٹ

سرجری کے دوران انگلی میں تار ڈال کر ہڈی کو جگہ پر رکھا جائیگا، سنگاکارا بھی ان فٹ فوٹو : فائل

سابق سری لنکن کپتان مہیلا جے وردنے انگلی کی انجری کے سبب بنگلہ دیش کیخلاف ہوم سیریز سے باہر ہو گئے۔

وہ اتوار کو ڈومیسٹک میچ کے دوران کیچ تھامتے ہوئے بائیں ہاتھ کی درمیانی انگلی زخمی کرا بیٹھے تھے، ٹیم منیجر مائیکل ڈی زوئیسا نے میڈیا کو بتایا کہ ابتدائی اسکینز سے ظاہر ہوا کہ انگلی اپنی جگہ سے ہٹ گئی ہے مگر ہم نے مزید رائے لینے کیلیے رپورٹس آسٹریلیا بھیجیں، وہاں سے مشورہ ملا کہ جے وردنے سرجری کے عمل سے گزریں گے جس میں ان کی انگلی میں ایک تار ڈال کر ہڈی کو جگہ پر رکھا جائے گا، وہ 4 سے 6 ہفتوں کیلیے کرکٹ سے باہر ہو گئے، یعنی بنگلہ دیش کیخلاف سیریز میں تو یقینی طور پر حصہ نہیں لے سکیں گے۔




سری لنکا کرکٹ نے ایک بیان میں کہا کہ دونوں ٹیسٹ کے اسکواڈ میں تھیلان سمارا ویرا کو جے وردنے کی جگہ شامل کیا گیا ہے،8 مارچ سے گال میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ کیلیے ایک اور سابق کپتان کمار سنگاکارا بھی بحالی فٹنس کیلیے کوشاں ہیں، میلبورن میں باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے دوران آسٹریلوی پیسر مچل جانسن کی گیند نے ان کے بائیں ہاتھ کی انگلی توڑ دی تھی، انھیں اس انجری کے بعد انگلی میں پن اور پلیٹ لگوانا پڑی، لیفٹ ہینڈڈ بیٹسمین نے تھوڑی بہت بیٹنگ پریکٹس تو شروع کر دی تاہم پہلے میچ میں شرکت یقینی نظر نہیں آتی۔

جے وردنے اور کمار سنگاکارا ٹیسٹ و ون ڈے کرکٹ میں سری لنکا کے کامیاب ترین بیٹسمین ہیں، دونوں ان فارمیٹس میں 10 ہزار سے زائد رنز بنا چکے،حالیہ ٹور میں بنگال ٹائیگرز 3 ون ڈے انٹرنیشنل اور ایک ٹوئنٹی 20 میچ بھی کھیلیں گے۔ یاد رہے مہیلا جے وردنے نے دورئہ آسٹریلیا کے بعد قیادت چھوڑ دی تھی،ان کی جگہ انجیلو میتھیوز کو ٹیسٹ اور ون ڈے کا کپتان مقرر کیا گیا جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں یہ فرائض دنیش چندیمل انجام دیں گے۔
Load Next Story