واپڈا نے سائیکلنگ چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا

ایچ ای سی نے 116 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور پنجاب نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

ایچ ای سی نے 116 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور پنجاب نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

واپڈا نے231 پوائنٹس حاصل کر کے قومی سائیکلنگ چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

ایچ ای سی نے 116 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور پنجاب 113 پوائنٹس نے تیسری پوزیشن پائی۔ واپڈا کے محمد صابر ایونٹ کے بہترین سائیکلسٹ قرار پائے،پاکستان کے تیز ترین سائیکلسٹ بننے کا اعزاز پنجاب کے محمد شکیل کے حصے میں آیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں جاری قومی سائیکلنگ ایونٹ گذشتہ روز اختتام کو پہنچا، چیمپئن شپ میں مجموعی طور پر واپڈا کی ٹیم کا پلڑا بھاری رہا اور وہ7 گولڈ،2 سلور اور اتنے ہی برونز میڈلز کے ساتھ فاتح بنی، ایچ ای سی نے3سلور اور4 برونزکے ساتھ دوسری جبکہ پنجاب نے2 گولڈ، اتنے ہی سلور اور3 برونز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ سندھ نے ایک سلور کے ساتھ چوتھی، ریلویز نے پانچویں اور افغانستان نے چھٹی پوزیشن حاصل کی۔


ایونٹ کے آخری روز ایک کلومیٹر ٹیم اسپرنٹ میں واپڈا نے میدان مار لیا، ایچ ای سی نے دوسری اور پنجاب نے تیسری پوزیشن حاصل کی، افغانستان کا نمبر چوتھا رہا۔1000 میٹرز اسپرنٹ میں پنجاب کے محمد شکیل فاتح رہے،انھوں نے مقررہ فاصلہ12.62 سکینڈز میں طے کیا،واپڈا کے ظفر حسین نے دوسری اور اسی محکمہ کے ذوالفقار علی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ایلیمنیشن ریس میں پنجاب کے محمد شکیل فاتح رہے، احسن عباس دوسرے اور واپڈا کے صابر تیسرے نمبر پررہے۔

اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان بیس بال فیڈریشن کے صدر و سابق آئی جی پولیس پنجاب شوکت جاوید نے فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے، اس موقع پر پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے چیف آرگنائزرخالد محمود، سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر ادریس خواجہ، صدر جوجسٹو فیڈریشن خلیل احمد، سیکریٹری بیس بال فیڈریشن خاور شاہ، صدر پاکستان کراٹے فیڈریشن محمد جہانگیر، سیکریٹری ویٹ لفٹنگ فیڈریشن حافظ عمران، سیکریٹری پی ایف ایف احمد یار لودھی، سیکریٹری بیس بال فیڈریشن خاور شاہ، سیکریٹری ٹگ آف وار رانا محمد جمیل تائی کوانڈو کے مشتاق اور باسکٹ بال کے خالد بشیرسمیت شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

دوسری جانب چیمپئن شپ کے بہترین کھلاڑی محمد صابر کا کہنا ہے کہ شاندار کارکردگی سے میرے اعتماد میں اضافہ ہوا، یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھوں گا۔میڈیا سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ میری نظریں انٹرنیشنل ایونٹس پر مرکوز ہیں،جب بھی موقع ملا غیر معمولی پرفارمنس سے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کروں گا۔
Load Next Story