ہیلی کاپٹر کرپشن اسکینڈل بھارت اور برطانیہ کا تحقیقات میں تعاون کا اعلان

بھارتی وزیر اعظم من موہن کی برطانوی ہم منصب سے ملاقات ،سول جوہری معاہدے کیلیے بھی مذاکرات شروع کرنیکا فیصلہ۔

تعاون پربھارتی وزیراعظم نے برطانوی ہم منصب کا شکریہ اداکیا،کیمرون کی تجارتی حجم دگناکرنیکی خواہش،مشترکہ پریس کانفرنس, فوٹو: اے ایف پی

بھارت اور برطانیہ نے ہیلی کاپٹر اسکینڈل کی تحقیقات میں ایک دوسرے کے ساتھ مکمل تعاون کا اعلان کیا ہے۔

یہ فیصلہ بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ اور ان کے برطانوی ہم منصب ڈیوڈ کیمرون کے درمیان نئی دہلی میں ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم من موہن سنگھ نے بتایاکہ انھوں نے برطانوی ہم منصب کو ہیلی کاپٹرخریداری کے اسکینڈل پراپنی تشویش سے آگاہ کیا ہے۔ یہ ہیلی کاپٹر برطانیہ اور اٹلی مشترکہ طورپر تیارکرتے ہیں اور آگسٹا ویسٹ لینڈکمپنی یہ ہیلی کاپٹر تیارکرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کیمرون نے اس اسکینڈل کی تحقیقات میں انھیں مکمل تعاون کا یقین دلایاہے۔




وزیراعظم کیمرون کا کہنا تھاکہ انھوں نے اپنے ملک میں انسدادرشوت ستانی کا ایک قانون منظورکرایا ہے جو پوری دنیا سے سخت ترین قانون ہے۔ ہم رشوت ستانی اور بدعنوانی کو ہر سطح سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ انھیں خوشی ہے کہ اطالوی حکومت اس معاملے کی تحقیقات کررہی ہے۔ جہاں بھی ضرورت پڑی، ہم بھی تعاون کوتیارہیں۔

برطانوی وزیراعظم نے بھارت کے ساتھ تجارت کے موجودہ ساڑھے11 ارب پاؤنڈکے حجم کو دگنا کرنے کی خواہش کا اظہارکیا۔ دونوں ملکوں نے سول جوہری معاہدے کیلیے مذاکراتی عمل شروع کرنیکا بھی فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم من موہن سنگھ نے نیوکلیئر سپلائر گروپ کی مستقل ممبر شپ، یورپی منڈیوں تک رسائی اور دیگر امورمیں تعاون پر برطانوی وزیراعظم اور ان کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
Load Next Story