عرفان کی چھوٹی پابندی سے آج جان چھوٹ جائیگی

پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزایافتہ پیسرکوبحالی کے عمل سے گزرنا ہو گا

جرمانے کی ادائیگی اور بحالی پروگرام پر عمل کے بعد دوبارہ کھیلنے کے اہل ہوں گے فوٹو : فائل

PESHAWAR:
پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا پانے والے محمد عرفان کی چھوٹی پابندی سے جمعرات کو جان چھوٹ جائیگی، طویل قامت پیسر کو اب بحالی کے عمل سے گزرنا ہوگا، انھوں نے بکی کی جانب سے رابطے کی اطلاع پی سی بی کو نہ کرنے کا الزام تسلیم کرلیا تھا۔


تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں خالد لطیف، شرجیل خان اور شاہ زیب حسن نے الزامات تسلیم کرنے سے انکار کردیا تھا، ان کے کیس ٹریبیونل کے زیر سماعت رہے، شرجیل خان کو ڈھائی سال کیلیے معطل سمیت 5 سال کی سزا بھی سنائی جا چکی، محمد عرفان نے دبئی میں بکی کے رابطے کی اطلاع پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کو نہ دینے کا الزام تسلیم کرلیا تھا، جس کے بعد ڈسپلنری کمیٹی نے ان کو6ماہ کی معطل سمیت ایک سال پابندی اور10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی، محمد عرفان کی پابندی کی مدت جمعرات کو ختم ہو جائے گی۔

پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اسپاٹ فکسنگ کیس میں طویل قامت پیسر کو 14 مارچ کو معطل کیا گیا تھا،ان کی ایک سالہ سزا میں 6 ماہ کی معطل سزا شامل تھی، لازمی پابندی کی مدت پوری ہو چکی، اب بحالی کے عمل سے گزرنا ہو گا۔ تفضل رضوی نے بتایا کہ جرمانے کی ادائیگی اور بحالی پروگرام پر عملدرآمد کے بعد محمد عرفان دوبارہ کرکٹ کھیلنے کے اہل ہو جائیں گے۔
Load Next Story