مہم کا پہلا روز بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر ساڑھے 4 ہزار چالان ہوئے

 7 لاکھ 15 ہزار 50 روپے جرمانہ وصول کیا گیا، ٹریفک پولیس نے مہم کے دوران 304 موٹر سائیکلوں کو بھی قبضے میں لے لیا

ٹریفک پولیس کی جانب سے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والے افراد کیخلاف کارروائی کی جارہی ہے۔ فوٹو : ایکسپریس

ٹریفک پولیس کی جانب سے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف جمعرات سے ایک ہفتے کے لیے شروع کی جانے والی مہم کے پہلے روز ٹریفک پولیس نے شہر بھر میں بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کے 4 ہزار 767 چالان کر کے 7 لاکھ 15 ہزار 50 روپے جرمانہ وصول کیا۔


ڈی آئی جی ٹریفک عمران یعقوب منہاس کا کہنا ہے کہ مذکورہ مہم موٹر سائیکل سواروں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے چلائی جا رہی ہے اور انھیں ٹریفک پولیس کی جانب سے آگاہی بھی فراہم کی جا رہی ہے کہ بغیر ہلمٹ کے موٹر سائیکل چلانا ان کی زندگی کے لیے نہایت خطرناک ہے اور وہ موٹر سائیکل چلاتے ہوئے پابندی ہلمٹ کا استعمال کریں۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے بغیر ہلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف مہم کے پہلے روز ساؤتھ ٹریفک زون نے سب سے زیادہ 1481 چالان کرتے ہوئے 2لاکھ 22 ہزار 150 روپے جرمانہ اور 30 موٹر سائیکلوں کو قبضے میں لیا۔ سٹی ٹریفک زون نے 777 چالان کرتے ہوئے ایک لاکھ 16 ہزار 550 روپے جرمانہ ، سینٹرل ٹریفک زون 356 چالان اور 53 ہزار 400 جرمانہ ، ایسٹ ٹریفک زون نے 758 چالان کر کے ایک لاکھ 13 ہزار 700 جرمانہ اور سب سے زیادہ 98 موٹر سائیکلیں قبضے میں لیں، کورنگی ٹریفک زون نے 259 چالان کر کے 38 ہزار 850 جرمانہ اور 45 موٹر سائیکلوں کو قبضے میں لے لیا ، ویسٹ ٹریفک زون نے 704 چالان کر کے ایک لاکھ 56 ہزار جرمانہ اور 81 موٹر سائیکلوں کو قبضے میں لے لیا جبکہ ملیر ٹریفک زون نے 432 چالان کر کے 64 ہزار 800 جرمانہ وصول کر کے 50 موٹر سائیکلوں کو اپنے قبضے میں لے لیا۔
Load Next Story