وارنرعہد حاضر کے ٹاپ پلیئرز میں شامل ہیں چیپل

ٹیسٹ کرکٹ میں اوسط کے لحاظ سے اسمتھ، جوئے روٹ اور کوہلی نمایاں

ٹیسٹ کرکٹ میں اوسط کے لحاظ سے اسمتھ، جوئے روٹ اور کوہلی نمایاں فوٹو: فائل

KARACHI:
آسٹریلیا کے سابق کپتان ای ین چیپل نے اپنے ملکی اوپنر ڈیوڈ وارنر کو دورحاضر کے ٹاپ بیٹسمینوں میں سے ایک قرار دے دیا۔

وہ اپنے کالم میں لکھتے ہیں کہ اس وقت ٹیسٹ کرکٹ میں بگ تھری بیٹسمینوں کا ذکر ہوتا ہے جس میں بیٹنگ ایوریج کے حساب سے اسٹیون اسمتھ، جوئے روٹ اور ویرات کوہلی شامل ہیں جبکہ اس میں چوتھے نمبر پر نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کو بھی شمار کرلیا جاتا ہے مگرمیں سمجھتا ہوں کہ ٹاپ ٹیسٹ بیٹسمینوں میں ڈیوڈ وارنر کی بھی جگہ بنتی ہے۔


ان کو اس فہرست سے باہر کرنے کی وجہ ان کا بھارت میں ریکارڈ ہے، یہ درست ہے کہ وہ زیادہ اچھا نہیں مگر کوہلی کا تو انگلینڈ میں ریکارڈ اس سے بھی برا ہے جبکہ ان دونوں کھلاڑیوں کی مجموعی ایوریج میں صرف 5 فیصدی پوائنٹس کا فرق ہے۔ یہ بات یاد رکھنے کی ہے ماضی میں بھارت کے دوٹیسٹ ٹورز کے دوران وارنر نے باقاعدگی سے اچھا آغاز لیا اور پھر وکٹ گنوا بیٹھے، یہ درست ہے کہ وہ 5 مرتبہ دہرے ہندسے میں داخل نہیں ہوئے مگر اپنی 16 میں سے آدھی اننگز میں انھوں نے ڈبل فیگر میں رسائی حاصل کی لیکن ففٹی تک نہیں پہنچ پائے،3 مواقعوں پر انھوں نے ففٹی اسکور کی لیکن اس کو سنچری میں تبدیل نہیں کرپائے جبکہ ان کے مجموعی ریکارڈ پر نظر ڈالیں تو انھوں نے اپنی 123 ٹیسٹ اننگز میں سے 20 کو سنچریوں میں تبدیل کیا ہے۔

حال ہی میں انھوں نے بنگلہ دیش کے خلاف بولنگ ٹریک پرعمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور مسلسل 2 سنچریاں اسکور کیں، اس بات میں کوئی شک نہیں کہ وہ کافی باصلاحیت بیٹسمین ہیں اور میں نے ان کی یہ خوبی اس وقت ہی پہچان لی تھی جب لوگ انھیں صرف ٹوئنٹی 20 فارمیٹ کا بیٹسمین کہا کرتے تھے، وہ حقیقت میں موجودہ دور کے بہترین بیٹسمینوں میں جگہ پانے کے مستحق ہیں، انھوں نے بنگلہ دیشی کنڈیشنز میں اچھا پرفارم کیا ہے۔
Load Next Story