7 ماہ میں13 فیصد اضافے سے 1694 ارب کے زرعی قرضے جاری

5 بڑے بینک 89.6 ارب، زرعی بینک 26 ارب، پنجاب کوآپریٹو نے 4.6 ارب کے قرضے دیے۔

جولائی تا جنوری 14 نجی بینک 38.8 ارب اور 5 مائیکرو فنانسرز سے 10 ارب روپے فراہم۔ فوٹو : فائل

رواں مالی سال پہلے 7 ماہ (جولائی 2012 تا جنوری 2103) کے دوران بینکوں کی جانب سے زرعی شعبے کو جاری کردہ قرضے سال بہ سال 13.21 فیصد ( 19.77 ارب روپے) کے اضافے سے 169.42 ارب روپے تک جا پہنچے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں زرعی قرضوں کی فراہمی 149.65 ارب روپے رہی تھی۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جولائی تا جنوری 2013 میں 5بڑے کمرشل بینکوں بشمول الائیڈ بینک لمیٹڈ، حبیب بینک لمیٹڈ، ایم سی بی بینک لمیٹڈ، نیشنل بینک آف پاکستان اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ نے 7.19 ارب روپے یا 8.72 فیصد کے اضافے سے مجموعی طور پر 89.65 ارب روپے کے قرضے جاری کیے۔

جبکہ جولائی تا جنوری 2012 میں 82.46 ارب روپے کے قرضوں کا اجرا ہوا تھا، زیرتبصرہ مدت میں سب سے بڑے اسپیشلائزڈ بینک زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ نے 26.22 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 26.36 ارب روپے کے قرضے جاری کیے گئے تھے، پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک لمیٹڈ نے اس دوران 4.65 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 4.98 ارب روپے کے قرضے دیے تھے۔




گزشتہ 7 ماہ میں 14 ملکی نجی بینکوں نے بھی مجموعی طور پر 38.81 ارب روپے کے زرعی قرضے دیے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں جاری کردہ 28.99 ارب روپے کے قرضوں کے مقابلے میں 33.85 فیصد زیادہ ہیں۔ 5 مائیکرو فنانس بینکوں بشمول خوشحالی بینک لمیٹڈ، این آر ایس پی مائیکرو فنانس بینک لمیٹڈ، دی فرسٹ مائیکرو فنانس بینک لمیٹڈ، پاک عمان مائیکرو فنانس بینک لمیٹڈ اور تعمیر مائیکرو فنانس بینک لمیٹڈ نے جولائی تا جنوری 2013 کے دوران 10.06 ارب روپے کے زرعی قرضے جاری کیے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران 6.85 ارب روپے کے زرعی قرضے جاری کیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک نے بینکوں کے لیے رواں مالی سال میں زرعی قرضوں کے اجرا کا علامتی ہدف 315 ارب روپے مقرر کیا ہے۔
Load Next Story