ٹیسٹ اسکواڈ منتخب کرنے کیلیے مشاورت طویل

اظہرعلی کی فٹنس پرشکوک،ایک اضافی کھلاڑی شامل کرنے کا فیصلہ متوقع

اظہرعلی کی فٹنس پرشکوک،ایک اضافی کھلاڑی شامل کرنے کا فیصلہ متوقع

سری لنکا سے ٹیسٹ سیریزکا حتمی اسکواڈ منتخب کرنے کیلیے مشاورت طویل ہوگئی،گزشتہ روز بھی کپتان سرفراز احمد، چیف سلیکٹر انضمام الحق اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر کیساتھ بات چیت میں مصروف رہے، اظہر علی کی فٹنس پر شکوک کی وجہ سے ایک اضافی کھلاڑی منتخب کرنے کا فیصلہ ہو سکتا ہے۔


تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان یواے ای میں شیڈول ٹیسٹ سیریز کا آغاز 28ستمبر کو ابوظبی میں ہوگا، پیر سے لاہور میں شروع ہونے والے تربیتی کیمپ میں سرفراز احمد(کپتان)، اظہر علی، شان مسعود، احمد شہزاد، سمیع اسلم، اسد شفیق، بابراعظم، حارث سہیل، عثمان صلاح الدین، محمد رضوان، یاسر شاہ، محمد اصغر، بلال آصف، محمد عامر، وہاب ریاض،حسن علی،محمد عباس اور میرحمزہ شامل ہیں،ان میں سے حتمی اسکواڈ کا انتخاب کیا جانا باقی ہے جس کیلیے مشاورت خاصی طویل ہوگئی۔

گزشتہ روز سرفراز احمد کی اس حوالے سے چیف سلیکٹر انضمام الحق سے بات چیت جاری رہی،بعد ازاں کپتان نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے بھی صلاح مشورہ کیا، ذرائع کے مطابق 18ممکنہ پلیئرز کی فہرست میں سے احمد شہزاد اور محمد رضوان کی پوزیشن کمزور دکھائی دیتی ہے،اگرچہ اظہر علی نے گزشتہ روز ہلکی پھلکی ٹریننگ کی تاہم گھٹنے کی انجری کا بدستور جائزہ لیا جارہا ہے،فٹنس پر ذرا بھی شکوک ہونے پر اسکواڈ میں ایک اضافی بیٹسمین کو شامل کیا جا سکتا ہے۔دوسری جانب سیریز کے آغاز میں صرف 7دن باقی ہیں لیکن میڈیا کے نمائندوں کیلیے ایکریڈیٹیشن کا عمل تک شروع نہیں کیا گیا۔
Load Next Story