گیند کو تلاش کرنے کیلیے گرانٹ فلاور اسٹینڈ کی چھت پر چڑھ گئے

محمد عامر، وہاب ریاض اور حسن علی نے بھی نیٹ میں جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے چند گیندیں اسٹینڈز میں پہنچائیں

سری لنکا سے ٹیسٹ سیریز کی تیاری کیلیے کیمپ کے دوران گم ہونے والے گیند کی تلاش کیلیے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور خود اسٹینڈ کی چھت پر چڑھ گئے۔

گزشتہ روز حارث سہیل نے ایک بار اونچا اسٹروک کھیل کر گیند ماجد خان انکلوژر میں پہنچائی، ٹیل اینڈرز محمد عامر، وہاب ریاض اور حسن علی نے بھی نیٹ میں جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے چند گیندیں اسٹینڈز میں پہنچائیں، بولنگ کوچ اظہر محمود کیمرہ مینوں اور فوٹوگرافرز کو اشارہ کرتے اور گیند واپس میدان میں پھینک دی جاتی،ایک اسٹروک پر گیند ماجد خان انکلوژر میں گم ہوگئی۔


اظہر محمود کے ساتھ حارث سہیل بھی اسے واپس لانے کیلیے فکرمند نظر آئے، پریکٹس کیلیے بلائے گئے جونیئر کرکٹرز اور میڈیا کے نمائندے گیندکوڈھونڈ نہیں پائے تو بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور خود جنگلا پار کرکے اسٹینڈ کی چھت پر چڑھ گئے، تھوڑی کوشش کے بعد انھیں گیند نظر آگئی۔

اس موقع پر نمائندہ ''ایکسپریس'' نے گرانٹ فلاور سے پوچھا کہ ان گیندوں میں کوئی خاص بات ہے جس کی وجہ سے تلاش کرنے کیلیے اتنی فکر مندی نظر آرہی ہے،جواب میں انھوں نے کہا کہ پریکٹس کیلیے اچھی گیندیں مشکل سے ملتی ہیں،اس لیے ان کا خیال رکھ رہے ہیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل پریکٹس کے دوران بھی جب بھی وقفہ ہوتا بولنگ کوچ تمام گیندیں بولرز اور فیلڈرز سے لے کر اپنے پاس رکھ لیتے تھے۔
Load Next Story