فکسنگ کے منحوس سائے سری لنکن کرکٹ کا پیچھا کرنے لگے

زمبابوے سے انہونی شکست پر میتھیوز الزامات کی زدمیں آگئے

فیصلہ کن لمحات میں لیستھ مالنگا کو بولنگ نہ کرانے پر بھی شکوک،40کرکٹرز نے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
فکسنگ کے منحوس سائے مسلسل سری لنکن کرکٹ کا پیچھا کرنے لگے،زمبابوے کے ہاتھوں انہونی شکست پر انجیلو میتھیوز الزامات کی زدمیں آگئے.

سابق فاسٹ بولر وکرما سنگھے نے جولائی میں سیریز کے چوتھے میچ میں کپتان کے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی اور فیصلہ کن لمحات میں لیستھ مالنگا کو بولنگ نہ کرانے پرسوالات اٹھا دیے، اپل تھارنگا اوردنیش چندیمل سمیت 40کرکٹرزآل راؤنڈرزکی حمایت کیلیے میدان میں آگئے، الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔


تفصیلات کے مطابق مسلسل زوال پذیر سری لنکن کرکٹ کا فکسنگ کے منحوس سائے بھی پیچھا کررہے ہیں، سابق کپتان ارجنا رانا ٹنگا نے ملکی کرکٹ کے کرپشن میں لتھڑے ہونے کا انکشاف کیا تو پیسر لیستھ مالنگا نے پیچ فکسنگ سے پردہ اٹھانے کی کوشش کی، اب سابق فاسٹ بولر وکرما سنگھے نے جولائی میں کھیلی جانے والی سیریز کے چوتھے میچ میں میتھیوز کے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی اور بولنگ نہ کرنے پر سوالات اٹھا دیے،انھوں نے کہا کہ زمبابوے کیخلاف کپتان نے پانچویں کے بجائے تیسرے نمبر پر بیٹنگ کی،فیصلہ کن لمحات میں انھوں نے پیسر لیستھ مالنگا کی جگہ اسپنرز سے بولنگ کراتے ہوئے میچ کے نتیجے کو شکوک میں ڈالا۔یاد رہے کہ اس مقابلے میں شکست کیساتھ سری لنکا اپنی تاریخ میں پہلی بار زمبابوے جیسی کمزور ٹیم سے سیریز ہارگیا اور اینجیلو میتھیوز نے ون ڈے ٹیم کی قیادت چھوڑ دی تھی۔ سری لنکن میڈیا کے مطابق ایک روزہ میچز کیلیے کپتان بنائے جانے والے اپل تھارنگا اور دنیش چندیمل سمیت سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ 40کرکٹرز اینجیلو میتھیوز کی حمایت کیلیے میدان میں آگئے ہیں۔

انھوں نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کو لکھے جانیوالے خط میں الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ایک کرکٹر نے کہاکہ کپتان موقع دیکھتے ہوئے اپنی سمجھ بوجھ کے مطابق فیصلے کرتا ہے جو کبھی درست تو کبھی غلط ثابت ہوجاتے ہیں،یہ سب چیزیں کھیل کا حصہ ہیں،مالنگا کو بولنگ نہ دینے کا الزام بھی حقائق پر مبنی نہیں،امپائرز نے کہا تھا کہ روشنی کم ہو رہی ہے،اگر پیسرز ایکشن میں آئے تو کھیل رک جائیگا، زمبابوے اس وقت ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت بھی جیت رہا تھا، میتھیوز کے پاس اسپنرز کی بولنگ جاری رکھنے کے سوا کوئی دوسرا آپشن نہیں تھا۔انھوں نے کہا کہ اس طرح کے الزامات کے بعد آئندہ ہر کپتان فیصلے کرتے ہوئے گھبراہٹ کا شکار ہوگا کہ کہیں ان کا غلط مطلب نہ لیا جائے۔ رپورٹ کے مطابق 40کرکٹرز کی جانب سے خط لکھے جانے کا مقصد سخت تنقید اور دباؤ میں ون ڈے قیادت سے استعفیٰ دینے والے میتھیوز کی حمایت ہے۔ سری لنکن ٹیم کو اب 28 ستمبر سے پاکستان کیخلاف سیریز میں حصہ لینا ہے۔
Load Next Story