ایل ڈی ایف اے نمائش آج شروع 80 کروڑ کا کاروبار متوقع

وزیراعلیٰ افتتاح، زراعت، ڈیری، فشریز، پولٹری، لائیو اسٹاک سیکٹر کے 500 اسٹالز لگائے جائینگے۔

زبیرموتی والاکی زراعت،لائیواسٹاک وفشریزکے سیکریٹریز کے ساتھ پریس کانفرنس۔ فوٹو: اے پی پی

سندھ سرمایہ کاری بورڈ کے تحت تیسری سالانہ ایل ڈی ایف اے 2013 نمائش کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں جس میں زراعت، ڈیری، ماہی گیری، پولٹری، لائیواسٹاک سے وابستہ 500 اسٹالز لگائے جائیں گے۔

نمائش کا افتتاح ہفتہ کو وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کریں گے۔ یہ بات بورڈ کے چیئرمین زبیرموتی والا نے سیکریٹری زراعت سندھ آغاجان اختر، سیکریٹری لائیواسٹاک وفشریزعابد علی شاہ اور ڈائریکٹر جنرل ایس آربی محمد ریاض الدین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہی۔ انہوں نے بتایا کہ اس نمائش کے ذریعے سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ کی گزشتہ 4 سالہ کارکردگی اور مختلف شعبوں کے فروغ کے منصوبوں سے متعلق آگہی ہوسکے گی۔




انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال کی نمائش میں 40 کروڑ کی تجارتی سرگرمیاں ہوئی تھیں جبکہ رواں نمائش میں 80 کروڑ روپے مالیت کی کاروباری سرگرمیوں کے امکانات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی سرمایہ کاردوست پالیسیوں کی بدولت صوبہ سندھ میں نت نئے سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں، سندھ مقامی وغیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے ایک بہترین ثابت ہوا ہے، یہی وجہ ہے کہ دیگرترقی پزیر ممالک سے سندھ میں صنعتیں منتقل کرنے کے بھرپور مواقع دستیاب ہیں، زراعت ماہی گیری پولٹری لائیواسٹاک نمائش 23 اور 24 فروری کو کراچی ایکسپوسینٹر منعقد ہورہی ہے جو سرمایہ کاری کی نئی راہیں متعین کرنے میں مددگارثابت ہوگی۔

زبیرموتی والا نے بتایا کہ سندھ سرمایہ کاری بورڈ متوقع سرمایہ کاروں کو بنیادی معلومات کے ساتھ قابل عمل منصوبوں میں معاونت کررہا ہے، سندھ انٹرپرائزڈیولپمنٹ فنڈ کے ذریعے حکومت سندھ نے ایک کریڈٹ ایسسٹنس ونڈو قائم کی ہے جہاں صوبے کی دیہی معیشت کو تقویت دینے کے لیے زراعت پر مبنی صنعتوں میں سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے اقدامات کیے گئے ہیں جن میں شرح سودکو کم کرنے کیلیے مالیاتی اداروں کے ساتھ قریبی روابط اختیار کرتے ہوئے کام کیا جارہا ہے۔ انھوں نے کہاکہ نمائش میں سیمینار، ہارس اینڈ کیٹل شو، پالتوجانوروں کا شو، پھولوں کی نمائش، فش شو، پرندوں کی نمائش اور فوڈ کورٹ کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
Load Next Story