احتساب عدالت نے شریف خاندان کو پیشی کے سمن لندن بھجوادیے

سمن وزارت خارجہ کے ذریعے بھیجے گئے ہیں،پاکستانی ہائی کمیشن کو تعمیل کیلیے کہا گیا ہے

 سابق وزیراعظم ان کے بچوں اور داماد کی طلبی کے سمن پر لندن فلیٹس کا پتہ درج ہے، ذرائع فوٹو:فائل

RAWALPINDI:
قومی احتساب بیورو (نیب )نے وزارت خارجہ کے توسط سے شریف خاندان کواحتساب عدالت میں پیشی کیلیے سمن لندن بھجوادیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق لندن میں موجود شریف خاندان کی رہائش گاہ کا پتہ لگاتے ہوئے وزارت خارجہ کے ذریعے سمن بیرون ملک بھجوائے گئے ہیں، نیب حکام کاکہنا ہے کہ پاکستانی ہائی کمیشن کو سمن کی تعمیل کرائے۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت کے حکم پرنیب نے نوازشریف، حسن، حسین، مریم اور کیپٹن (ر)صفدرکی طلبی کے سمن تعمیل کیلیے لندن بھجوا ئے۔ وزارت خارجہ کے ذریعے پاکستانی ہائی کمشن کو بھجوائے گئے سمن کی تعمیل کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، یہ سمن22ستمبرکو جاری کرکے وزارت خارجہ کوبھجوائے گئے تھے جو بعد ازاں لندن بھجوائے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم، ان کے بچوں اور داماد کی طلبی کے سمن پر لندن فلیٹس کا پتہ درج ہے، عدالت نے پانچوں ملزمان کو 26 ستمبرکو ہرصورت پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔


واضح رہے کہ احتساب عدالت نے نیب ریفرنسز پر شریف خاندان کو طلب کر رکھا ہے جبکہ سابق وزیراعظم نوازشریف،ان کے صاحبزادے حسن ،حسین اور مریم نواز لندن میں ہیں اور احتساب عدالت کے طلب کرنے پر پیش نہیں ہوئے تھے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز قومی احتساب بیورو نے سابق وزیراعظم نوازشریف اور اسحاق ڈار کی رہائش گاہ پر نوٹسز چسپاں کردئیے ہیں، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پاناما کیس کے فیصلے تک نوازشریف اور اسحق ڈار کوئی بھی جائیداد نہیں بیچ سکتے۔

نیب کی جانب سے نوازشریف کو بھیجے جانے والا نوٹس ان کی رہائش گاہوں ماڈل ٹاؤن اور جاتی امرا پر چسپاں کیے گئے تھے اور اس نوٹس میں نوازشریف کی صاحبزای مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن(ر) صفدر کے نام نوٹس پر درج ہیں جب کہ اسحاق ڈار کو گلبرگ ایچ بلاک میں بھجوایا گیا تھا۔نیب نے اس نوٹس کی کاپیاں چیئرمین ایس ای سی پی ، ڈی جی ایکسائز پنجاب ،ڈی سی لاہور اور تمام بینکوں سمیت دیگر متعلقہ حکام کو بھجوائی تھی۔
Load Next Story