پشاور باراتیوں سے بھری بس نہر میں جاگری 19جاں بحق متعدد زخمی

آخری اطلاع تک 10افراد لاپتہ تھے،اسپتال میں ایمرجنسی نافذکردی گئی،درجنوں افراد خون کےعطیات دینےکیلیے اسپتال پہنچ گئے۔

پشاور، چارسدہ روڈ پرنہر میں گر کر حادثے کا شکار ہونیوالی باراتیوں کی بس کے گرد لوگ جمع ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

پشاور کے نواحی علاقے میں بارش سے پھسلن کے باعث باراتیوں سے بھری بس نہر میں گرنے سے 19 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔

جان بحق ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد بھی شامل ہیں، اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے، واقعے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق پشاور کے نواحی علاقے بڈھنی میں بارش کے بعد پھسلن کے باعث باراتیوں سے بھری بس بڈھنی نہر میں گرنے سے 19 افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے6 افراد بھی شامل ہیں۔ واقعے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں جنھوں نے مقامی افراد کے ساتھ مل کر زخمیوں کو نکالا۔ آخری اطلاع تک 10 افراد لاپتا تھے۔ امدادی سرگرمیاں رات گئے تک جاری رہیں۔




مقامی پولیس کے مطابق بارات مرادن جا رہی تھی کہ ناردرن بائی پاس پر چرگو کلے کے قریب بس نمبر 8522 پھسلن کے باعث بے قابو ہو کر نہر میں جاگری۔ مرنے والوں میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔ سیکڑوں مقامی افراد جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جنھوں نے گاڑی میں پھنسے ہوئے افراد کو نکالا، حادثے کے تقریباً ایک گھنٹے بعد ریسکیو ٹیمیں غوطہ خوروں کے ساتھ پہنچیں۔ رات گئے تک لاپتا افرادکی تلاش جاری رہی۔ زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 4 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی جبکہ درجنوں افراد خون کے عطیات دینے کیلیے اسپتال پہنچ گئے۔
Load Next Story