تاجر برادری کی اپیل پر سنی تحریک نے پیر کی ہڑتال ختم کردی

حکمرانوں کو مدت کی تکمیل پر خوشی لیکن 10 ہزار افراد کی ہلاکت سے سروکارنہیں

عتیق میر کی قیادت میں تاجر وں کے وفد سے شاہد غوری کی ملاقات،تاجروں کا اظہار تشکر۔ فوٹو: پی پی آئی

پاکستان سنی تحریک نے کراچی کی تاجر برادری، پرائیویٹ اسکول مینجمنٹ ایسوسی ایشنز اور ٹرانسپورٹروں کی درخواست پر آج (پیر) کو کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کے خلاف دی گئی ہڑتال کی کال واپس لینے کا اعلان کردیا ہے۔

اعلان مرکزی رہنما محمد شاہد غوری نے اتوار کو آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر اور تاجر رہنمائوں کے وفد سے ملاقات کے بعد کیا، قبل ازیں آل کراچی تاجر اتحاد کے وفد نے صدر انصار بیگ قادری کی قیادت میں زبیر علی خان، محمد احمد شمسی اور دیگر نے شاہد غوری سے ملاقات کی،تاجر رہنمائوں نے بتایا کہ رواں ماہ بدامنی سے 14روز کاروبار بند رہا ہے اور اب کوئی ہڑتال ہوئی تو تاجروں کی کمر ٹوٹ جائیگی،تاجر برادری نے پی ایس ٹی کے رہنمائوں سے درخواست کی کہ وہ آج کی ہڑتال کی کال واپس لیں اور کراچی کی معیشت کو بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔




پریس کانفرنس میں محمد شاہد غوری نے کہا کہ کراچی میں پی ایس ٹی کے کارکنوں سمیت شہر میں بے گناہ شہریوں اور تاجروں کا قتل حکمرانوں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے،حکمراں اپنی حکومت کی مدت پورے ہونے پر خوشیاں منارہے ہیں لیکن پانچ سال میں10 ہزار افراد کی ہلاکت سے انھیں سروکار نہیں ،گذشتہ ایک ماہ میں پی ایس ٹی کے12کارکنوں سمیت300 بے گناہ افراد کو ٹارگٹ کلنگ کی بھینٹ چڑھا دیا گیا،آج تاجر رہنمائوں کی مرکز اہلسنت پر آمد اور ہڑتال کو موخرکرنے کی درخواست پر ہم نے پیر کی ہڑتال کو موخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس موقع پر عتیق میر نے کہا کہ ہم سنی تحریک کے اس فیصلے پر ان سے تشکر کرتے ہیں، ہمارے حکمرانوں نے 5 سال میں کچھ نہیں کیا تو اب ان سے کوئی امید رکھنا بے سود ہے۔
Load Next Story