ٹماٹر پر 50 روپے فی کلو منافع خوری

منڈی میں قیمت2 روز میں 100روپے بڑھی،15 کلو پیٹی 800اضافے سے3 ہزار کی ہوگئی

نئی فصل20 اکتوبرسے آئے گی، اچھی پیداوارکے باعث قیمتیں گریں گی، سندھ آبادگار بورڈ۔ فوٹو: فائل

کراچی میں ٹماٹر کی فی پیٹی تھوک قیمت میں مزید 800 روپے کا اضافہ کردیا گیا

سبزی منڈی میں 2روز کے دوران ٹماٹر 100 روپے فی کلو مہنگا ہوچکا ہے اور 200روپے کلو دستیاب ہے تاہم عام دکاندار صارفین کو یہ 50 روپے منافع کے ساتھ 250روپے فی کلوتک بیچ رہا ہے، عاشورہ کے بعد پیر کو جب تھوک کاروبار کا آغاز ہوا تھا تو اسمگل شدہ ایرانی ٹماٹر کی ترسیل نہ ہونے کی وجہ سے 15 کلو ٹماٹر کا بھاؤ 1500 روپے سے بڑھ کر 2200 روپے ہوگیا تھا اور جب منگل کو بھی سپلائی نہ ہوئی تو پیٹی کی قیمت مزید800 روپے کے اضافے سے 3 ہزار روپے کردی گئی۔


صارفین کا کہنا ہے کہ کئی ہفتوں سے ٹماٹر من چاہے نرخوں پر فروخت کیے جا رہے ہیں، منگل کو تو دکانداروں نے ٹماٹر 220 سے 250 روپے فی کلو فروخت کیے، ناجائز منافع خوروں کے خلاف کب کارروائی ہوگی۔ آڑتھیوں کا کہنا ہے کہ سبزی منڈی میں درجہ دوئم ٹماٹر بھی180 روپے کا ہے جو شہر میں 200 روپے تک فروخت کیا جا سکتا ہے مگر دکاندار منافع خوری کررہے ہیں۔

بیوپاریوں کے مطابق ایرانی ٹماٹر کی فراہمی ہی قیمت کے سامنے بند باندھ سکتی ہے اور اس میں تھوڑی سی تاخیرکا مطلب قیمتوں میں مزید آگ لگانا ہو گا کیونکہ سندھ کی فصل آنے میں ابھی3 ہفتے اور باقی ہیں۔

سندھ آبادگار بورڈ کے مطابق سندھ سے ٹماٹر کی نئی فصل کی سپلائی 20 اکتوبر سے شروع ہوجائے گی، بڑے پیمانے پرکاشت ہونے کی وجہ سے ٹماٹر کی اضافی فصل بھی ملنے کا امکان ہے، امید ہے کہ نئی فصل آنے سے سندھ سیمت پنجاب میں بھی ٹماٹرکی قیمتوں میں نمایاں کمی ہو گی۔
Load Next Story