کم بارشیںبھارت کی گروتھ ہدف سے کم رہنے کاخدشہ

اگرزرعی نموٹھوس نہیں ہوگی تومعاشی نمو6فیصدکے قریب رہے گی، پلاننگ کمیشن

گولڈمین سکس کے مطابق بھارت کی شرح نمو6فیصد سے بھی نیچے گرسکتی ہے۔ فوٹو فائل

بھارت کے ٹاپ پالیسی ساز ادارے نے معاشی شرح نمو قحط پڑنے کی صورت میں 6 فیصد تک گرنے کاخدشہ ظاہر کردیا ہے جو اس کے سالانہ ہدف 7.6 فیصد کے مقابلے میں بہت کم ہے۔ یاد رہے کہ مون سون میں کم بارشوں کے باعث گزشتہ ایک دہائی کے دوران بھارت میں تیسری بار قحط پڑنے کاخطرہ ہے، معمول سے کم بارشوں کی وجہ سے بھارت میں کئی کاشتکاروں نے فصلوں اگانے کیلیے بوائی ہی نہیں کی

جبکہ گزشتہ چند ماہ کے دوران شرح سود میں اضافے، کاروباری طبقے کے اعتماد میں کمی اور یورو زون قرض بحران کے بعد اب قحط پڑنے کی نئی پریشانی کے باعث بھارتی معیشت کا آئوٹ لک خراب ہوا ہے۔ بھارتی پلاننگ کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین مونتیک سنگھ اہلووالیہ نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس زرعی عنصر کو بھی دیکھاجائے جس کی گروتھ ٹھوس نہیں ہوگی تو رواں مالی سال معاشی نمو 6 فیصد کے قریب رہے گی۔


واضح رہے کہ بھارت نے گزشتہ مالی سال 6.5 فیصد کی رفتار سے معاشی ترقی کی تھی جبکہ اچھے وقتوں میں معاشی نمو10 فیصد کے قریب پہنچ گئی تھی۔ علاوہ ازیں اقتصادی ماہرین بھی کم مون سون بارشوں کے باعث ایشیا کی تیسری بڑی معیشت کے لیے اپنے گروتھ جائزوں پر نظرثانی کر رہے ہیں۔ ایسوسی ایٹ چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری آف انڈیا کی جانب سے اقتصادی ماہرین اور صنعتی رہنمائوں کے ایک سروے کے مطابق کمزور مون سون اور خراب ہوتی عالمی صورتحال کے نتیجے میں بھارتی معاشی نمو 6سے 6.3 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔

گولڈمین سکس کے مطابق بھارت کی شرح نمو6فیصد سے بھی نیچے گرسکتی ہے۔ فرم کے اکنامسٹ توشارپڈر نے بتایا کہ کمپنی نے بھارت معاشی نمو کے جائزے پر نظرثانی کردی ہے اور اپنے کلائنٹس کو نئے نوٹ میں واضح کیا ہے کہ بھارت کی شرح نمو 6.6 فیصد کے بجائے 5.7فیصد رہنے کاخدشہ ہے۔ یہ اندازے بھارتی حکومت کی جانب سے بجٹ میں لگائے گئے 7.6فیصد کے تخمینے سے کافی کم ہیں مگر دیگر علاقائی ممالک سے زیادہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون بارشیں 15 فیصد کم رہنے کااندیشہ ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگربارشیں مطلوبہ تناسب کے مطابق نہیں ہوئیں تو بھارت میں قحط پڑجائے گا۔ قبل ازیں بھارت میں 2009 اور 2002 میں بھی قحط پڑ گیا تھا۔
Load Next Story