مرغوں کی لڑائی میں فائرنگ پولیس اہلکار سمیت6 زخمی

مرغوں کے ہارنے پر وڈیرہ مشتعل، فائرنگ سے علاقہ میدان جنگ بن گیا، ایک زخمی کی حالت نازک، 2 اہلکار یرغمال

شائقین نے مانک ملوکھانی نامی پولیس اہلکار کو اس کے ساتھی سمیت یرغمال بناکر 2 گھنٹے کے بعد آزاد کیا۔ فوٹو: فائل

بھٹ شاہ میں مرغوں کی لڑائی میں لاکھوں کا جوا ، جھگڑا، فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار سمیت 6 افرادزخمی، ہارنے والے شوقین نے فائرنگ کر کے 2 مرغوں کو بھی مار دیا۔

جواریوں نے 2پولیس اہلکار یرغمال بنالیے، ایک زخمی نازک حالت میں سول اسپتال حیدرآباد داخل۔ تفصیلات کے مطابق بھٹ شاہ چونگی روڈ پر مرغوں کی لڑائی میں اس وقت صورت حال خطرناک ہو گئی جب ایک بااثر شخص کے2 مرغے شکست کھا گئے جس پر مشتعل ہوکر شائقین نے فائرنگ شروع کردی، مرغوں کی لڑائی میں بھتہ لینے والے پولیس اہلکار بھی موجود تھے جنہوں نے لوگوں کو فائرنگ سے روکا جس پر مرغوں کی لڑائی کرانے والے وڈیرے نے کہا کہ ہم تمہیں روزانہ ہر لڑائی پر 30 ہزار روپے بھتہ دیتے ہیں اس لیے تم خاموش رہو۔




جس پر پولیس اہلکاروں نے مرغوں کے شوقین وڈیرے کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو علاقہ میدان جنگ بن گیا، کلہاڑیوں، اینٹوں، پتھروں اور ڈنڈوں کے آزادانہ استعمال اور فائرنگ سے ایک اہلکار سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں میں سے غلام نامی شخص کو نازک حالت میں سول اسپتال حیدرآباد منتقل کیا گیا ۔

جبکہ شائقین نے مانک ملوکھانی نامی پولیس اہلکار کو اس کے ساتھی سمیت یرغمال بناکر 2 گھنٹے کے بعد آزاد کیا۔ اس دوران بااثر وڈیرے نے غصے میں آ کر اپنے ہارنے والے دونوں مرغوں کو گولیاں مار دیں جس پر لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، رابطے پر ایس ایچ او بھٹ شاہ خالد سہتو نے بتایا کہ مرغوں کی لڑائی پورے ضلع میں ہوتی ہے، مجھے ابھی بھٹ شاہ تھانے میں آئے ایک ہفتہ ہوا ہے ،میرے نام پر اگر پولیس والے پیسے لیتے ہیں تو مجھے اس کا علم نہیں، جبکہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مٹیاری، سعیدآباد، ہالا، بھٹ شاہ اور اڈیرو میں ہر روز مرغوں کی لڑائیاں کرائی جاتی ہیں جن میں جھگڑے معمول ہیں، وہاں پر وڈیروں کا قانون چلتا ہے، لیکن ایس ایس پی مٹیاری منظور کھٹیان اور ہر تھانے کے ایس ایچ او کو رشوت دے کر خاموش کرا دیا جاتا ہے۔ مذکورہ واقعے کا کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا۔
Load Next Story