قائد اعظم ٹرافی فائنل سیالکوٹ کی مزاحمت 229رنز پر دم توڑ گئی

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں باٹم سکس کے فیصلہ کن میچ میں بہاولپور نے عمران اللہ اسلم کی وکٹ بھی 4 رنز پر گنوا دی۔

لاہور میں فائنل کے پہلے روزبارش کی وجہ سے52.3 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہوا۔ فوٹو : فائل

قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں سیالکوٹ کی مزاحمت 229 رنز پر دم توڑگئی۔

ٹاپ اسکورر محمد ایوب کے72 پر آئوٹ ہونے کے بعد 10 ویں نمبر کے بیٹسمین بلاول بھٹی نے34 رنز بنا کر کچھ ہمت دکھائی،3 پلیئرز صفر پر آئوٹ ہوئے، انور علی 4، طارق ہارون اور اعظم حسین 2،2 وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے، جواب میں کراچی بلوز نے 2 وکٹ پر 89 رنز بنا لیے، فخر زمان 34 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، خرم منظور 23 پر ناقابل شکست ہیں، باٹم سکس کے فیصلہ کن میچ میں بہاولپور کی ٹیم 279 پر آئوٹ ہو کر فیصل آباد کے خلاف صرف 6 رنز کی برتری حاصل کر سکی، سمیع اللہ خان نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا، بلال خلجی نے 131 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔

تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور میں فائنل کے پہلے روزبارش کی وجہ سے52.3 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہوا تھا، جس میں سیالکوٹ نے ماجد جہانگیر کے 54 رنز کی بدولت 4 وکٹ پر 139 کا مجموعہ پایا تھا، دوسرے روز ٹیم نے محمد ایوب( 49) اور منصور امجد (11) کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا، منصور انفرادی اسکور میں 2 رنز کا اضافہ کرکے انور علی کا شکار بن گئے،کیچ جاوید منظور نے لیا، اگلے ہی اوور میں ذیشان مشتاق کو رومان رئیس نے بغیر کھاتہ کھولے ایل بی ڈبلیو کر دیا۔


علی خان کی 22 رنز پر مشتمل اننگز 186 کے مجموعی اسکور پر اعظم حسین نے تمام کی، کیچ اکبر الرحمان کے ہاتھوں میں محفوظ ہوا، اسی مجموعے پر72 رنز بنانے والے محمد ایوب کے قدم بھی ڈگمگا گئے، انھیں طارق ہارون نے ایل بی ڈبلیو کیا، 8 وکٹیں گرنے کے بعد بلاول بھٹی مزاحمت کرتے ہوئے انفرادی اسکور 34 کے ساتھ ٹیم کا ٹوٹل 229 تک لے گئے، انھیں انور علی نے شکار کیا، کیچ اکبر الرحمان نے لیا، اسی اسکور پر نیئر عباس 6 رنز بنا کر اعظم حسین کا نشانہ بنے، اکبر الرحمان کو تیسرا کیچ تھامنے کا موقع ملا، انور علی نے 4، طارق ہارون اور اعظم حسین نے 2،2، رومان رئیس اور اکبر الرحمن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔



جواب میں کراچی بلوز کی 59 رنز پر مشتمل اوپننگ شراکت کا خاتمہ بلاول بھٹی نے کیا،فخر زمان34 کے اسکور پر بولڈ ہوئے،12رنز کے اضافے سے علی خان نے وجیہہ الدین( 7) کو ایل بی ڈبلیو کر دیا،بعد ازاں دن کے اختتام تک خرم منظور 23 اور اکبر الرحمان 11 رنز کے ساتھ وکٹیں محفوظ رکھنے میں کامیاب ہوئے۔ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں باٹم سکس کے فیصلہ کن میچ میں بہاولپور نے عمران اللہ اسلم کی وکٹ بھی 4 رنز پر گنوا دی،بعد ازاں بلال خلجی نے 131 رنز کی اننگز کے دوران فیصل مبشر (33) اور ریحان رفیق (27) کی مدد سے اسکور 5 وکٹ پر 188 تک پہنچایا۔

عنصر جاوید 26 اور فیصل الٰہی 21 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو 6 رنز کی برتری دلانے کا ذریعہ بنے، خرم حسین 11اور وقاص خان 6 رنز بنا سکے، عطاء اللہ ایک رن بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، سمیع اللہ خان 5، بلال بٹ 2، فیصل یاسین، عمران خالد، خرم شہزاد ایک ایک شکار کرنے میں کامیاب ہوئے۔ فیصل آباد نے دوسری اننگز میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے 12 رنز بنا لیے، آصف علی اور معظم حیات 6،6 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
Load Next Story