پسٹوریس کو ڈرگز اور الکوحل ٹیسٹ سے گزرنا ہو گا

جنوبی افریقا کی عدالت نے 4 جون کوعدالتی کارروائی دوبارہ شروع ہونے تک پسٹرویئس کے شراب پینے پر پابندی لگائی گئی ہے۔

آسکر پسٹوریئس پر اپنی گرل فرینڈ کے قتل کا الزام ہے، فوٹو : اے ایف پی/ فائل

SUKKUR:
گرل فرینڈ کو قتل کرنے کے الزام میں ضمانت پر رہا جنوبی افریقی ایتھلیٹ آسکر پسٹوریس کو آئندہ مہینوں میں کسی بھی وقت ڈرگز اور الکوحل کے چار ٹیسٹ سے گزرنا ہوگا۔

حکام نے بتایا کہ ان کا مقصد یہ ثبوت حاصل کرنا ہے کہ وہ ضمانت کی شرائط پر پوری طرح عمل کررہے ہیں یا نہیں۔ پریزن سروس کا کہنا ہے کہ گذشتہ ہفتے ضمانت کی شرائط کے تحت پریٹوریا مجسٹریٹ کی عدالت میں ایک پروبیشن آفیسر نے پسٹوریس کا معائنہ کیا۔ ہفتے میں دو مرتبہ معائنے کے ساتھ پسٹوریس کو اپنے دو پاسپورٹس، ایک ملین رینڈ (1لاکھ 13ہزار ڈالر) کی ضمانتی رقم اورگارنٹیز جمع کرانے کا حکم بھی دیا گیا تھا، ساتھ ہی4 جون کوعدالتی کارروائی دوبارہ شروع ہونے تک ان کے شراب پینے پر بھی پابندی لگائی گئی ہے۔




پسٹوریس ان دنوں اپنے چچا آرنلڈ کی رہائشگاہ پر قیام پذیر ہیں،پریزن سروس کے حکام ضمانتی شرائط کی تصدیق کیلیے دن یا رات کسی بھی وقت گھر پہنچ سکتے ہیں ۔ سینئر پریزن سروسز افسر جیمز اسمال برگر کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ لینے کا عمل کم از کم چار مرتبہ غیر اعلانیہ ہوگا۔یادرہے کہ پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ پسٹوریس نے اپنی گرل فرینڈ ریوا اسٹینکیمپ کو بے رحمی سے قتل کیا، دوسری جانب ایتھلیٹ کہتے ہیں کہ انھوں نے ایک مقفل ٹوائلٹ کے دروازے پر چار فائر کیے تھے،انھیں شبہ تھا کہ کوئی ڈاکو اس کے پیچھے چھپا ہوا ہے، اگر پسٹوریس پر الزام ثابت ہوجائے تو انھیں عمر قید ہوسکتی ہے۔
Load Next Story