مشین ٹول فیکٹری کے ایم ڈی کے قتل میں ملوث ملزم گرفتار

فیکٹری میں ڈاؤن سائزنگ پرملازمت سے نکالاگیا،ارشد پرویزکو دھمکیاں دیں.

عبدالوحید ساریو کا تعلق قوم پرست جماعت سے ہے،ایس پی انویسٹی گیشن. فوٹو : فائل

پاکستان مشین ٹول فیکٹری کے منیجنگ ڈائریکٹر ارشد پرویز کے قتل میں ملوث ملزم کو پولیس نے گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ۔

ملزم فیکٹری کا ملازم تھا ، فیکٹری میں ڈائون سا ئزنگ کے دوران ملازمت سے نکال دیا گیا تھا ، یہ بات ایس پی انویسٹی گیشن شیراز نذیر نے گذشتہ روز پریس کانفرنس میں کہی، تفصیلات کے مطابق چند روز قبل بھینس کالونی میں پاکستان مشین ٹول فیکٹری کے منیجنگ ڈائریکٹر ارشد پرویز اور جنرل منیجر کاشف پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں ارشد پرویز ہلاک اور کاشف زخمی ہوگیا تھا ۔




واقعے کا مقدمہ شاہ لطیف ٹائون پولیس نے مضروب کاشف کی مدعیت میں درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا تھا ، پولیس نے ملزم عبدالوحید ساریو ولد محمد بخش ساریو کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ، اس ضمن میں ایس پی انویسٹی گیشن IIشیراز نذیر نے پریس کانفرنس میںبتایا کہ عبدالوحید ساریو پاکستان مشین ٹول فیکٹری کا ہی ملازم تھا ، فیکٹری خسارے میں چل رہی تھی جس کے باعث ڈائون سائزنگ کا عمل جاری تھا ، ڈائون سائزنگ کے دوران ملزم کو بھی ملازمت سے برخاست کردیا گیا۔

جس پر وہ انتہائی دلبرداشتہ اور مشتعل ہوگیا ، اس نے ایم ڈی ارشد پرویز کو دھمکیاں دیں اور ان کے موبائل فون پر دھمکی آمیز ایس ایم ایس بھی کیے ،انھوں نے مزید بتایا کہ ملزم کا تعلق ایک قوم پرست جماعت سے بھی ہے،وقوعہ سے چند روز قبل ایم ڈی کی گاڑی پر پتھرائو بھی کیا گیا تھا ،ملزم کے ساتھیوں کی تلاش میں مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جارہے ہیں ، پولیس ملزم سے مزید تفتیش کررہی ہے ۔
Load Next Story