غیور قومیں اپنے دشمنوں سے تجارت نہیں کرتیں دفاع پاکستان کونسل

بھارت کو پسندیدہ قرار دینے کا معاملہ موخر ہونیکا خیرمقدم، پوری قوم یکطرفہ دوستی کیخلاف ہے۔

تخریب کاری میں بھارت ملوث ہے، سمیع الحق، حافظ سعید، منور حسن کا مشترکہ بیان. فوٹو: اے ایف پی

دفاع پاکستان کونسل نے حکومت کی جانب سے بھارت کو پسندیدہ ترین ملک قرار دینے کے معاملے کو مؤخر کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کا سب سے بڑا دشمن ہے۔

چند مفاد پرستوں کے علاوہ تاجروں سمیت قوم کا ہر طبقہ بھارت سے یکطرفہ دوستی اور تجارت کیخلاف ہے، حکومت نے مذکورہ فیصلہ صرف انتخابی فائدہ حاصل کرنے کیلیے کیا، ہم امید کرتے ہیں کہ آئندہ آنیوالی حکومت اس قضیے کو ہی ختم کر دیگی۔ توانائی بحران پاکستانی دریاؤں پر بھارت کی طرف سے غیر قانونی ڈیموں کی تعمیر کا شاخسانہ ہے۔ چیئرمین دفاع پاکستان کونسل مولانا سمیع الحق، امیر جماعۃالدعوۃ پروفیسر حافظ سعید، امیر جماعت اسلامی سید منور حسن، جنرل (ر) حمید گل، فضل الرحمن خلیل، ابتسام الہٰی ظہیر، حافظ عبدالغفار روپڑی ودیگر نے مشترکہ بیان میں کہا کہ امریکی دبائو کے باعث حکومت اس کوشش میں تھی کہ بھارت کو موسٹ فیورٹ نیشن قرار دیا جائے۔




لیکن دفاع پاکستان کونسل کے پلیٹ فارم سے عوام کے بھرپور ردعمل نے حکومت کو اپنے اس فیصلے سے باز رکھا۔ قائدین کا کہنا تھا کہ حکمران پارلیمنٹ کے ان کیمرہ اجلاسوں میں تو یہ بات تسلیم کرتے ہیں کہ بلوچستان، سندھ ودیگر علاقوں میں ہونیوالی تخریب کاری میں انڈیا ملوث ہے لیکن اس حوالہ سے آج تک کھل کر کوئی بات کرنے کو تیار نہیں، غیور قومیں اپنے دشمنوں سے دوستی وتجارت کے معاہدے نہیں کیا کرتیں۔ دفاع پاکستان کونسل کا واضح موقف ہے کہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا' انڈیا پاکستانی دریاؤں پر سے اپنا غاصبانہ قبضہ ختم نہیں کرتا اور بلوچستان میں تخریب کاری و دہشتگردی کی تحریک سے تائب نہیں ہوتا اس سے دوستانہ تعلقات قائم نہیں ہو سکتے۔
Load Next Story