گورو کے جسد خاکی کی حوالگی کشمیری جماعتوں نے مشترکہ تحریک چلانے کا فیصلہ کیا

متحدہ مجلس مشاورت کے نام سے ایکشن کمیٹی قائم کردی گئی، اشرف صحرائی گرفتار، سرینگر سینٹرل جیل منتقل کر دیا گیا.

اشرف صحرائی کی گرفتاری اور جیل منتقلی بھارتی ریاستی دہشت گردی کی بدترین کارروائی ہے، تحریک حریت جموں و کشمیر. فوٹو : فائل

بھارتی پارلیمنٹ حملہ کے الزام میں پھانسی کی سزا پانے والے کشمیری نوجوان محمد افضل گورو کے جسد خاکی کی کشمیر واپسی کے حق میں تحریک چلانے کیلیے کشمیری جماعتوں نے متحدہ مجلس مشاورت کے نام سے ایکشن کمیٹی قائم کر دی ہے۔

حریت پسند جماعتوں نے متحدہ پروگرام تشکیل دینے کی خاطر متحدہ مجلس مشاورت کا قیام عمل میں لایا ہے۔ جموں و کشمیر میں تحریک آزادی کی نمائندہ تنظیموں کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں افضل گورو کی جسد خاکی کی بازیابی کیلیے ایک منظم اور متحد مزاحمتی پروگرام تشکیل دیئے جانے پر اتفاق ہوا۔




اجلاس میں حریت(گ)، حریت ( ع )، جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ(مائسمہ) ،جماعت اسلامی، دختران ملت اور بار ایسو سی ایشن کے نمائندگان نے شرکت کرتے ہوئے اس جد و جہد میں ہم آہنگی پیدا کرنے کیلیے متحدہ مجلس مشاورت کے قیام پر اتفاق کیا۔ دریں اثناء مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے گھر میںغیر قانونی طور پر نظربند حریت رہنماء اور تحریک حریت جموں و کشمیرکے قائمقام سربراہ محمد اشرف صحرائی کوگرفتار کرکے سرینگر سینٹرل جیل منتقل کردیا۔ ادھر تحریک حریت کے ترجمان نے ایک بیان میں محمد اشرف صحرائی کی گرفتاری اور جیل منتقلی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بھارتی ریاستی دہشت گردی کی بدترین کارروائی قراردیا۔
Load Next Story