شہر سے ہفتہ کی شب ملنے والی 3 لاشوں کی شناخت ہوگئی

ارشد حجام اور محمد انس فریج کا کاریگر تھا،کورنگی کراسنگ کے رہائشی و پڑوسی تھے

کھارادر سے ملنے والی لاش یاسین کی تھی، مقتول علاقے میں کنفیکشنری کا کیبن لگاتا تھا. فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں سے ملنے والی3 لاشوں کی شناخت کرلی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کی شب کورنگی صنعتی ایریا سے2 افراد کی لاشیں ملی تھیں جنھیں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے ہلاک کیا تھا، مقتولین کو ورثا نے گذشتہ روز ایدھی سرد خانے میں شناخت کرلیا،کورنگی صنعتی ایریا پولیس کے مطابق ایک مقتول کی شناخت ارشد ولد نذیر کے نام سے ہوئی جس کی عمر 18 برس تھی، مقتول بھٹائی کالونی سیکٹر بی کورنگی کراسنگ کا رہائشی تھا۔

 




مقتول علاقے میں ہیئر ڈریسر کی دکان پر حجام کا کام کرتا تھا، وہ روزگار کی غرض سے پنجاب کے علاقے پاکپتن عارف والا سے کراچی آیا تھا، ورثا میت لے کر تدفین کی غرض سے آبائی علاقے پاکپتن روانہ ہوگئے،دوسرے مقتول کی شناخت محمد انس ولد محمد اسلم کے نام سے ہوئی ہے جوکہ بھٹائی کالونی کورنگی کراسنگ کا رہائشی تھا ، دونوں مقتولین ایک ہی محلے میں رہتے تھے ، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول ایئر کنڈیشن اور فریج کی مرمت کا کام کرتا تھا جبکہ اس کا باپ رکشا ڈرائیور تھا۔

پولیس کے مطابق دونوں مقتولین کے ورثا نے کسی بھی سیاسی وابستگی یا ذاتی دشمنی سے انکار کیا،علاوہ ازیں پیر کو کھارادر کاغذی بازار سے ملنے والی لاش کی شناخت یاسین ولد منور کے نام سے کرلی گئی، مقتول کی عمر 20 سال تھی، کھارادر پویس کے مطابق مقتول کے ورثا نے بیان دیا ہے کہ وہ کئی کئی روز گھر سے غائب رہتا تھا اور اتوار سے لاپتہ تھا جسکی گمشدگی کی رپورٹ عیدگاہ تھانے میں کرادی گئی تھی، مقتول بچوں کے کنفیکشنری مصنوعات کا کیبن لگاتا تھا، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔
Load Next Story