پولینڈ کی شمسی توانائی کے شعبے میں تعاون کی پیشکش

تکنیکی مہارت بھی فراہم کرنے کو تیار ہیں، پولش سفیر، راولپنڈی چیمبر کا دورہ۔

مضبوط روابط کیلیے یک ملکی نمائشوں کا سلسلہ پولینڈ تک بڑھانا چاہتے ہیں، منظر خورشید فوٹو: ایکسپریس

پولینڈ نے پاکستان کو توانائی بحران کے حل کیلیے تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے ہر قسم کی تکنیکی امداد کی یقین دہانی کرائی ہے۔

پاکستان میں تعینات پولینڈ کے سفیر آنڈریج آنانیسز نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر کہاکہ شمسی توانائی کے شعبے میں ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تعاون کیلیے تیار ہے اور اس ضمن میں ہر قسم کی تکنیکی مہارت بھی فراہم کرنے کو تیار ہے، ملک میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجو دہیں، غیرملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی مراعات حاصل ہیں جس سے فائدہ اٹھانا چاہیے، دو طرفہ تجارت کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے براہ راست روابط وقت کی اہم ضرورت ہیں اور پولش سفارتخانہ اس ضمن میں ہر ممکن تعاون کو تیار ہے۔




سفیر نے کہا کہ پاکستانی بزنس کمیونٹی کو تجارت کے فروغ میں اپنا بھر پور کردار ادا کرنا چاہیے اور اپنی مصنوعات کو پولینڈ کی تجارتی منڈیوں تک پہنچانا چاہیے تاکہ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دی جا سکے، سنگل کنٹری نمائشوں اور تجارتی دوروں کے لیے سفارتخانہ ہر ممکن مدد دے گا۔ اس موقع پر راولپنڈی چیمبر کے صدر منظر خورشید نے کہا کہ پاکستانی کاروباری برادری کو پولینڈ کی تجارتی منڈیوں کو تلاش کرنا چاہیے کیونکہ پولینڈ سے دیگر یورپی منڈیوں تک رسائی آسان ہو جائیگی، راولپنڈی چیمبر ملک میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کا خواہاں ہے اور تمام ممالک کے ساتھ تجارتی روابط کو بڑھانا چاہتا ہے۔

اسی مقصد کے لیے چیمبر یک ملکی نمائشوں کے سلسلے کو پولینڈ تک بڑھانا چاہتاہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط کاروباری تعلقات قائم کیے جائیں۔ صدر آر سی سی آئی نے باہمی تجارتی وفود کے تبادلے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ اس سے دونوں ممالک کے مابین روابط مضبوط ہوں گے اور بزنس کمیونٹی کے مابین تعلقات کو وسعت ملے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پولش سفیر اس ضمن میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ سفیر نے صدر چیمبر کو اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر راولپنڈی چیمبر کے سینئر نائب صدر پرویز احمد وڑائچ، نائب صدر ندیم رئوف، گروپ لیڈر نجم الحق ملک اور دیگر اراکین بھی موجود تھے۔
Load Next Story